دبئی ائیرپورٹ پر مسافر بیگ میں سے پانچ ماہ کا بچہ برآمد

مسافر بیگ میں سے بچہ نکالنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 16 ستمبر 2019 15:35

دبئی ائیرپورٹ پر مسافر بیگ میں سے پانچ ماہ کا بچہ برآمد
دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 ستمبر 2019ء) : دبئی ائیرپورٹ پر مسافر بیگ سے پانچ ماہ کا بچہ برآمد ہوا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پانچ ماہ کے بچے کو کراچی سے دبئی جانے والی پرواز میں سوار مسافر کے بیگ سے برآمد کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر مسافر بیگ سے بچے کی برآمدگی کی ویڈیو ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ دہلی ایچ جی ایس دھلیوال نے شئیر کی۔

اس ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پانچ ماہ کے بچے کو مبینہ طور پر اغوا کر کے مسافر بیگ میں رکھا گیا ، جس کے بعد اسے اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ دبئی ائیرپورٹ پر مسافر کی قلعی کُھل گئی۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مذکورہ مسافر بیگ میں بچے کے ساتھ دیگر کئی نرم اشیا بھی پیک کی گئی تھیں ۔ بچے کے سر کے پاس اسٹیل کے دو گلاس رکھے گئے تھے تاکہ اُس کا سر نہ ہِل سکے۔

(جاری ہے)

البتہ مسافر بیگ کھولنے پر بچہ خاموش اور بالکل ٹھیک تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی ائیرپورٹ پہنچنے پر اغوا کار کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا کہ بچہ بالکل محفوظ اور اپنے والدین کے پاس ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے :
اس ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین آگ بگولہ ہو گئے اور ننھے اور معصوم بچے کو اس طرح اغوا کر کے اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے شخص کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ اس ویڈیو کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ لوگ انسانیت ہی بھول گئے ہیں۔ کوئی کیسے معصوم بچے کو ایک بند بیگ میں ڈال سکتا ہے۔ خدا کا شکر ہے کہ بچے کو کچھ نہیں ہوا۔ ایک صارف نے کہا کہ مسافر بیگ کُھلتے ہی بچے کی آنکھیں چمک رہی تھیں، اس قدر خوبصورت اور ننھے بچے پر کوئی کیسے اتنا ظلم کر سکتا ہے۔