قانون سب کے لیے برابر ہے ، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی،اعجاز شاہ

مندر پر حملہ کرنے والوں کیخلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کیا گیا ہے،وزیر داخلہ کی سندھ کے پارلیمانی وفد سے گفتگو

منگل 17 ستمبر 2019 20:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے ، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی،مندر پر حملہ کرنے والوں کیخلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔سندھ سے تحریک انصاف کے نمائندوں کے پارلیمانی وفد نے منگل کو وزیر داخلہ سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں پی ٹی آئی کے چیف وہیب عامر ڈوگر بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیر داخلہ کو 14 ستمبر کو گھوٹکی میں پیش آنے واقعے پر خدشات کا اظہار کیا جس پر وزیر داخلہ نے مندر پر حملے کی تحقیقات میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ کے ساتھ رابطے میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف دفعہ 295 کے تحت توہین مذہب کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہجوم کو مشتعل کرنے والے افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے ، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔