پاکستانی حاجی 5 بار دل کا دورہ پڑنے کے باوجود زندہ بچ گیا

سعودی ماہرین صحت نے 5بار دل کا دورہ پڑنے والے پاکستانی حاجی کی جان بچا لی

بدھ 25 جون 2025 21:45

پاکستانی حاجی 5 بار دل کا دورہ پڑنے کے باوجود زندہ بچ گیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)پاکستان سے تعلق رکھنے والے 42سالہ حاجی کو دوران حج 5 مرتبہ دل کا دورہ پڑا تاہم سعودی عرب کی وزارت صحت کے پروفیشنل ماہرین نے ہنگامی بنیادوں پر بہترین علاج فراہم کرتے ہوئے اس کی جان بچائی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مطابق سعودی عرب کے ادارے مکہ ہیلتھ کئیر کلسٹر کے حکام نے بتایا کہ پاکستانی شہری کو دوران حج اچانک دل کا دورہ پڑا تھا اور انہیں مشرقی عرفات اسپتال میں انتہائی تشویش ناک حالت میں منتقل کیا گیا۔

سعودی صحت کے حکام نے بتایا کہ ڈاکٹروں کی مسلسل کوششوں کے باوجود حاجی کا دل کئی مرتبہ غیرفعال ہوگیا تھا اور اسی لیے انہیں انتہائی نگہداشت سیکشن میں رکھا گیا۔حکام کے مطابق ایمرجنسی میڈیکل اسٹاف نے مریض کی حالت بہتر کرنے کے لیے کوششیں کیں اور انہیں ایکسٹراکورپورئیل میمبرین آکسیجینیشن(ای سی ایم او)مشین میں منتقل کیا تاکہ ان کے اعضاء کو درکار طبی امداد پہنچائی جائی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں مریض کو ہوائی جہاز کے ذریعے کنگ عبداللہ میدیکل سٹی مکہ منتقل کیا گیا جہاں انہیں اس وقت بھی وینٹیلیٹر میں رکھا گیا اور حالت بدستور تشویش ناک تھی۔سعودی عہدیداروں نے بتایا کہ جب مریض کو ایمرجنسی میں لایا گیا تو دل کے امراض کی ماہر پروفیشنل ٹیم نے ایمرجنسی میں ان کی اینجوپلاسٹی کی تاکہ دل کی بند شریانی کھل جائیں اور مزید ان کے دل کے علاج کیلئے ڈاکٹروں نے ڈیوائس بھی نصب کی تاکہ دل کا تشویشناک دورہ پڑنے کی صورت میں ان کے خون کی روانی برقرار رکھی جائے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہری کا دل کی بیماری کے ساتھ ساتھ نمونیا کا بھی علاج کیا گیا اور وقت کے ساتھ ساتھ ان کی حالت بتدریج بہتر ہوئی اور انہیں ای سی ایم او اور وینٹی لیٹر سے ہٹایا گیا۔سعودی صحت کے حکام نے بتایا کہ مذکورہ اقدامات کے بعد مریض مکمل طور پر ہوش میں آگیا اور معمول کے مطابق سانس لینے لگا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 17جون کو ڈاکٹروں نے ان کی مکمل صحت یابی کا پروانہ جاری کیا اور بتایا کہ اب مریض بہتری کے مرحلے میں ہیں، جس کیلئے اس کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے اور وہ معمول کی زندگی کی طرف گامزن ہے۔