مراد علی شاہ، سعید غنی اور مرتضی وہاب کی205 میںانتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، الیکشن کمیشن نے سماعت 7اکتوبر کو مقرر کر دی

بدھ 18 ستمبر 2019 15:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) الیکشن کمیشن نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، سعید غنی اور مرتضی وہاب کی این اے 205 گھوٹکی میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی معاملے کی سماعت 7 اکتوبر کے لئے مقرر کر دی۔ بدھ کو الیکشن کمیشن کے ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی ۔

دور ان سماعت حلیم عادل شیخ کے وکیل شاہد گوندل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے تاہم وزیر اعلی سندھ کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا ۔ وکیل شاہد گوندل نے کہاکہ کیس سے متعلق مزید دستاویزات اور ویڈیو شواہد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ممبر پنجاب نے شاہد گوندل کو ہدایت کی کہ آپ کی درخواست میں خامیاں ہیں ترمیم کر کے پیش کریں۔ وکیل شاہد گوندل نے کہاکہ وزیر اعلی سندھ اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما ایم ایم اے کے امیدوار جام سیف اللہ دھریجو کے گھر گئے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وزیر اعلی سندھ ایم ایم اے امیدوار کو پیپلز پارٹی کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کے لئے حلقے گئے۔وکیل شاہد گوندل نے کہاکہ کسی امیدوار کے گھر جانا اور دستبردار کروانا بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ سندھ کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی سماعت 7 اکتوبر کے لئے مقرر کر دی،