لله*18 سال قبل پولیس کانسٹیبل کو شہید کر کے سعودی عرب فرار ہونے والا اشتہاری ملزم انٹر پول کے ذریعے گرفتار

جمعرات 19 ستمبر 2019 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) انویسٹی گیشن پولیس مصری شاہ نے 18 سال قبل ناکے پر فائرنگ کر کے کانسٹیبل محمد حنیف کو شہید کرنے والے ملزم فیراز خان کو انٹر پول کے ذریعے اسلام آباد سے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید نے قتل ، اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کے لئے انویسٹی گیشن ونگ کو سپیشل ٹاسک دیا۔

(جاری ہے)

ایس پی انویسٹی گیشن سٹی منصور قمر کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن مصری شاہ اسرار حسین اور پولیس ٹیم نے 2002 میں پولیس ناکے پر دوران چیکنگ روکنے پر فائرنگ کر کے کانسٹیبل محمد حنیف کو شہید کرنے والے اشتہاری ملزم فیراز خان عرف ببا کو انٹر پول کے ذریعے اسلام آباد سے گرفتار کرلیا۔ فیراز خان کانسٹیبل محمد حنیف کوشہید کرنے کے بعد سعودی عرب فرار ہو گیا تھاجبکہ اس کا ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو چکا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اشتہاری ملزم فیراز خان آزاد کشمیر میں بھی قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں اشتہاری ہے۔ ایس پی سٹی انویسٹی گیشن منصور قمر کی طرف سے کانسٹیبل کو شہید کرنے والے اشتہاری ملزم کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان ہے ۔