پاکستان ایک امن پسند ملک ہے‘مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم،بربریت اورسفاکیت کے ذریعے امن کو روند ڈالا ہے‘

بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی روکنے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کاعالمی یوم امن کے موقع پر پیغام

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:59

پاکستان ایک امن پسند ملک ہے‘مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم،بربریت ..
لاہور۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے امن و آشتی کے لئے کائنات تخلیق کی۔افسوس کا مقام ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کے اس ابدی پیغام کو فراموش کرچکا ہے ۔آج دنیا بھر میں انتہاء پسندانہ سوچ کے باعث امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عالمی یوم امن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر ،فلسطین اوردیگر علاقوں میں بسنے والے انسان امن کے متلاشی ہیں ۔

بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث تنازعہ کشمیرخطے کے امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے ۔مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیرمیں ظلم،بربریت اورسفاکیت کے ذریعے امن کو روند ڈالا ہے۔ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی روکنے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

نریندرمودی کی انتہاء پسندانہ سوچ نے خطے کو سنگین خطرات سے دوچار کررکھا ہے ۔

امن کی ضرورت اور اہمیت وہی جانتا ہے جو جنگوں سے گزرا ہو ۔ غربت،ناانصافی، جہالت، محرومی، جارحیت اور توسیع پسندانہ عزائم امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔انہوںنے کہا کہ امن کا براہ راست تعلق ترقی اورخوشحالی سے جڑا ہوا ہے ۔پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ۔پاکستان او راس کے عوام امن کی اہمیت کو خوب جانتے ہیں ۔ امن اور ہم آہنگی کے قیام کی کوششوں میں پاکستان ہراول دستے کا کردار ادا کررہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ دہشت گردی اورانتہاء پسندی کی آگ سے گزر کرپاکستان کو امن نصیب ہوا ہے ۔ پاکستان آج پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور پرامن ملک ہے۔ ملک میں امن کیلئے اپنا آج قربان کرنیوالے وطن کے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں۔انہوںنے کہا کہ آج کے دن جنگوں کے خاتمے اور امن کیساتھ رہنے کا عزم کا اعادہ کرناہے اور عالمی یوم امن کو منانے کا مقصد لوگوں میں امن کی ضرورت اور اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔