Live Updates

قومی یکجہتی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، میاں محمود الرشید

پنجاب یونیورسٹی میں آل پاکستان ہم نصابی مقابلہ جات کا آغاز ، پاکستان بھرسے طلبائوطالبات کی شرکت

پیر 23 ستمبر 2019 20:08

قومی یکجہتی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، میاں محمود الرشید
لاہور۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر برائے ہائوسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام پنجاب ہائر ایجوکیشن ، دی ایجوکیشنسٹ ، ادارہ تعلیم و تحقیق اور قومی احتساب بیورو کے اشتراک سے فیصل آڈیٹوریم میں منعقدہ پانچ روزہ تیسرے آل پاکستان ہم نصابی مقابلہ جات 2019کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان، ڈائریکٹر نیب سید محمد حسنین، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، انچارج ادارہ علوم ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم، تجزیہ نگار ڈاکٹر مجاہد علی منصوری، دانشو ر پروفیسر ڈاکٹر شفیق جالندھری ، ایڈیٹردی ایجوکیشنسٹ ڈاکٹر شبیر سرور، فیکلٹی ممبران کے علاوہ صوبہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت پاکستان بھر کے تعلیمی اداروںسے طلبائو طالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ حکومت پاکستان وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق نوجوانوںکو سپورٹ کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبوں سے آئے طلبائو طالبات کو لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کرنی چاہئے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا کہ پاکستان میں یکجہتی وبھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی اداروں میں ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کیلئے بہترین ملک ہے ۔ڈائریکٹر نیب سید محمد حسنین نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیوں سے طلبائو طالبات کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے شرکاء کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بد عنوانی اور کرپشن سے نفرت کر کے بہترین معاشرہ قائم کرنے میں کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر رفاقت علی اکبر نے کہا کہ پاکستان کا ہر بچہ گزشتہ 50دنوں سے کرفیو کی وجہ سے تعلیم سے محروم رہنے والے مقبوضہ کشمیر کے بچوں کے ساتھ ہیں۔

ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے ملک میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں کے بچوںکو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کیلئے اقدامات پر ڈاکٹر شبیر سرور کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈاکٹر مجاہد علی منصوری نے کہا کہ بہترین سرگرمی کیلئے چھت فراہم کرکے پنجاب یونیورسٹی اپنی قومی ذمہ داری بخوبی ادا کر رہی ہے۔ ڈاکٹر شفیق جالندھری نے کہاکہ قوم کو توانا اور صحت مند رکھنے کیلئے ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے۔ پانچ روزہ ہم نصابی سرگرمیوں میں طلبائو طالبات کے مابین قرا ت، نعت، اردو، انگریزی پنجابی مباحثے،فوٹوگرافی،مضمون نویسی، شاعری،پینٹنگ، ملی نغموں کے مقابلے اور تھیٹر ڈرامے بھی منعقد ہونگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات