Live Updates

نواز شریف تین دن میں باہر آ سکتے ہیں

مسلم لیگ ن ویسے بھی نوازشریف کو مزید تین ماہ جیل میں رکھنا چاہتی ہے۔ پیپلز پارٹی رہنما سید اعتزاز احسن

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 26 ستمبر 2019 08:59

نواز شریف تین دن میں باہر آ سکتے ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر 2019ء) : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ نواز شریف تین دن میں جیل سے باہر آ سکتے ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جو ویڈیو مریم نواز نے پریس کانفرنس میں دکھائی تھی اگر وہ اصلی ہے تو عدالت میں پیش کرنے سے نوازشریف تین دن میں باہر آسکتے ہیں۔ لیکن مسلم لیگ ن اس ویڈیو کو عدالت میں نہیں لانا چاہتی کیوں کہ وہ ویڈیو جھوٹی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ویسے بھی مسلم لیگ ن ابھی نوازشریف کو مزید تین ماہ جیل میں رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف کو رہائی مل گئی تو وہ گھر نہیں بیٹھ سکیں گے کیونکہ اُن کو جلسے کرنے پڑیں گے، بیان دینے پڑیں گے، مسلم لیگ ن کا جھنڈا اُٹھانا پڑے گا لیکن نوازشریف یہ چاہتے ہیں کہ پارٹی ورکر سڑکوں پر آئے۔

(جاری ہے)

اعتزاز احسن نے کہا کہ جو وکیل نواز شریف کو تین دن میں جیل سے نکال سکتے ہیں وہ تین ماہ اس لیے مانگ رہے ہیں کہ ان کا موکل نہیں چاہتا۔

سودا یہ ہو رہا ہے کہ نوازشریف سڑکوں پر نہیں نکلیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے نوازشریف کے کہنے پر تین ماہ کا وقت اس لیے مانگا ہے کیونکہ جیل میں بیٹھ کر خاموش رہنا آسان ہے اور اب ن لیگ کو تین ماہ تک اچھا رویہ دکھانا ہوگا۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں اور اپنی سزا کاٹ رہے ہیں۔ نواز شریف کی جانب سے مبینہ طور پر کی جانے والی ڈیل کے حوالے سے بھی کافی افواہیں گردش کر رہی ہیں لیکن مسلم لیگ ن نے ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح اعلان کر رکھا ہے کہ مسلم لیگ ن نے نہ تو کوئی این آر او مانگا ہے اور نہ ہی نواز شریف کسی قسم کی کوئی ڈیل کر رہے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات