پوری قوم کو یک زبان اور یک جان ہو کر کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑنا ہو گی،سینیٹر سراج الحق

،کشمیر کی آزادی ہندوستان کی بربادی کا عنوان بنے گی،مودی کی فاشسٹ حکومت ہندوستان کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کا باعث بنے گی ًتحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے،حکومت پاکستان آزادی کی منزل کو حاصل کرنے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے،80لاکھ لوگ 60دنوں سے کرفیو کی زد میں زندگی اور موت کی کشمکش میں عالمی ضمیر کے لیے چیلنج ہیں ظ*آج گلگت میں کشمیر بچائو مارچ کے موقع پر اہل گلگت بلتستان سے مشاورت کریں گے ژ* محض ایک تقریر سے نہیں بلکہ اس کی روشنی میں عملی اقدامات سے آزاد ہو گا، جماعت اسلامی 5/اگست سے اب تک پورے پاکستان اور آزادکشمیر میں عوامی مارچ کررہی ہے، مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام سے خطاب، میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 اکتوبر 2019 23:35

پوری قوم کو یک زبان اور یک جان ہو کر کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑنا ہو گی،سینیٹر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پوری قوم کو یک زبان اور یک جان ہو کر کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑنا ہو گی۔ کشمیر کی آزادی ہندوستان کی بربادی کا عنوان بنے گی۔ مودی کی فاشسٹ حکومت ہندوستان کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کا باعث بنے گی۔تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

حکومت پاکستان آزادی کی منزل کو حاصل کرنے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے۔80لاکھ لوگ 60دنوں سے کرفیو کی زد میں زندگی اور موت کی کشمکش میں عالمی ضمیر کے لیے چیلنج ہیں۔آج گلگت میں کشمیر بچائو مارچ کے موقع پر اہل گلگت بلتستان سے مشاورت کریں گے۔کشمیر محض ایک تقریر سے نہیں بلکہ اس کی روشنی میں عملی اقدامات سے آزاد ہو گا۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان حساس خطہ ہے وفاقی حکومت یہاں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ۔

جماعت اسلامی 5/اگست سے اب تک پورے پاکستان اور آزادکشمیر میں عوامی مارچ کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گلگت میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان،امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان سابق وزیر قانون مشتاق ایڈووکیٹ سمیت دیگر قائدین موجود تھے ۔

،سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اگر کشمیر کی آواز خاموش ہو گئی تو پاکستان کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی۔گلگت بلتستان کے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام باہمی اختلافات کو ختم کر کے اللہ اور اس کے رسول ؐ کے لیے ایک ہو جائیں ۔کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنا ہم سب پر فرض ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہاں کے عوام نے جہاد کے ذریعے یہ خطہ آزاد کروایا تھا اسی طرح آزادکشمیر کے لوگوں نے بھی جہاد کے ذریعے آزادی حاصل کی، کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد ہے ۔

اقوام متحدہ کشمیریوں سے اپنا وعدہ پورا کرے، عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکر یہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایک لاکھ یہودی ،عیسائی یا کسی اور مذہب کے لوگ دو ماہ سے یرغمال ہوتے تو دنیا چیخ رہی ہوتی اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ عالمی برادری کا مسلمانوں کے بارے میں رویہ کیسا ہے اس لیے تمام مسلمانوں کو متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کرنا چاہیے ۔

ہماری امت کا المیہ یہ ہے کہ حکمران مغرب کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ،عوامی امنگوں کے ترجمان حکمرانوں کو مغرب ایک لمحے کے لیے بھی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ طیب اردگان ،مہاتیر محمد سمیت دیگر قائدین کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں اسلامی تحریکوں کا راستہ اس لیے روکا جارہا ہے کہ وہ امت کو حقیقی قیادت فراہم کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیرکی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرے تا کہ 80لاکھ لوگوں کی زندگیوں کو بچایا اور کشمیر کو آزاد کرویا جا سکے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم زندگی کی آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک کشمیر کی آزادی کے لیے لڑیں گے۔ مودی کا مقدر شکست ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری در اصل تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں تحریک آزادی کشمیر تحریک پاکستان ہی کا تسلسل ہے ۔