پاکستان سے افغانستان تک موٹروے تعمیر کرنے کا فیصلہ

ایکنک نے پشاور طورخم موٹر وے منصوبے کی منظوری دے دی، 47 کلومیٹر طویل منصوبے پر کل 36 ارب روپے کی لاگت آئے گی، ورلڈ بینک کی جانب سے 34 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ دی جائے گی

muhammad ali محمد علی بدھ 2 اکتوبر 2019 21:14

پاکستان سے افغانستان تک موٹروے تعمیر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر2019ء) پاکستان سے افغانستان تک موٹروے تعمیر کرنے کا فیصلہ، ایکنک نے پشاور طورخم موٹر وے منصوبے کی منظوری دے دی، منصوبے پر کل 36 ارب روپے کی لاگت آئے گی، ورلڈ بینک کی جانب سے 34 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ایکنک کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران کئی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران پاکستان سے افغانستان تک موٹروے کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری بھی دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ پشاور سے لے کر طورخم تک 47 کلومیٹر طویل موٹروے تعمیر کی جائے گی۔ اس موٹروے منصوبے پر کل 36 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔ جبکہ اس منصوبے کیلئے ورلڈ بینک کی جانب سے 34 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

پشاور طورخم موٹروے کے علاوہ ایکنک نےکراچی ٹرانسپورٹ سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری بھی دے دی ہے۔

ایکنک نے597ارب روپےسےزیادہ مالیت کے7منصوبوں کی منظوری دی ہے۔ ایکنک نے کراچی ییلو بس منصوبے کی منظوری بھی دی ہے۔ کراچی ییلو بس ریپڈ منصوبے پر 61 ارب روپے لاگت آئے گی۔ لانڈھی اورنمائش کےدرمیان 21کلومیٹر سڑک کی تعمیر کےمنصوبے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈہرکی، رحیم یار خان، بہاولپور اور چشتیاں کو220کے وی لائن سے ملانے کے منصوبے، گوادرمیں مشرقی بےپر17 ارب 37کروڑروپے کی لاگت سے19کلو میٹر طویل ایکسپریس وے منصوبے، 21ارب ایک کروڑروپے لاگت سے بی آر ڈی بی نہر لاہور کے ساتھ پانی کی صفائی کےمنصوبے ، داسو پن بجلی کےلیے 511 ارب روپے مالیت کے منصوبوں ، کرتار پور راہداری کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔