Live Updates

ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی کا ’’ورلڈ پوسٹ ڈے‘‘ کے موقع پرکھلا خط

خطوط کی کاپیاں وزیراعظم، وزیرخارجہ و داخلہ اور وزیر انسانی حقوق کو بذریعہ ڈاک ارسال

منگل 8 اکتوبر 2019 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2019ء) عالمی یوم ڈاک کے موقع پر جب لوگ اپنے قریبی اور عزیزوں کے ساتھ رابطہ کا جشن منا رہے ہیں تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بیمارماں اپنی زیر حراست بیٹی کے ایک خط کے منتظر ہے۔ اپنی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے نام ایک کھلے خط میں جس کا عنوان ہے کہ "عالمی یوم ڈاک پر میرا عافیہ سے رابطہ کرا دو" انہوں نے لکھا ہے : میری پیاری بیٹی ، عافیہ ، اللہ تعالیٰ تمہاری حفاظت کرے۔

تم کو دیکھے ہوئی17 سال گزر چکے ہیں ، اورتمہاری آخری ٹیلی فونک کال کوبھی ساڑھے تین سال گزر چکے ہیں۔ اب تو ماشاء اللہ تمہارا بیٹا احمد اور بیٹی مریم ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اعلی تعلیم حاصل کرنے کیلئے کالج جارہے ہیں۔ ہم نے تم کو بے شمارٹیلی فون، ای میل اور خط ارسال کئے مگر جواب سے محروم رہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے زیراہتمام ہر سال ’’ورلڈ پوسٹ ڈے‘‘ منایا جاتا ہے۔

جس کا مقصد غربت اور بھوک کو ختم کرنا ، عدم مساوات اور ناانصافی کا مقابلہ کرنا بیان کیا جاتا ہے۔ ہم ساڑھے 3 سال سے تم سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ میں نے سوچا شاید اللہ تعالیٰ ’’عالمی یوم ڈاک‘‘ کو تم سے رابطہ کا سبب بنا دے۔ میری بیٹی عافیہ، تمہاری رہائی کیلئے ملک کے اندر اور باہر سے کروڑوں لوگ دعائیں اور کوششیں کررہے ہیں۔ میرے بیٹے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بھی وعدہ ہے کہ وہ تمہیں امریکی جیل سے رہائی دلا کر وطن واپس لائیںگے۔

بیٹی ، اب میری طبیعت کچھ صحیح نہیں رہتی ہے۔ فوزیہ اور سب گھر والے بہت خدمت اور دیکھ بھال کرتے ہیں۔ میںتو تمہارا انتظار کررہی ہوں۔ ملک بھر سے لوگ ٹیلی فون کرکے میری طبیعت کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ گھرپر عیادت کیلئے آنے والوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ سب کو پتہ ہے، سب پوچھتے ہیں اگر کسی کو پتہ نہیں ہے تو وہ تم ہو! ساڑھے 3 سال سے تم سے فون پر بات تک نہیں ہوسکی ہے۔

ہمارے پاس تم سے رابطہ کا کوئی ذریعہ نہیں ہے اس لئے مجبور ہوکر میں اپنے بچوں عمران خان(وزیراعظم پاکستان)، شاہ محمود قریشی (وزیرخارجہ) ، اعجاز احمد شاہ (وزیرداخلہ) اور ڈاکٹر شیریں مزاری (وزیربرائے انسانی حقوق) کو یہ خط ارسال کررہی ہوںاور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ تمہاری رہائی کا فریضہ ادا کرنے میں ان کی رہنمائی اور مدد فرمائے۔ عافیہ یقین کرو میں تم کو گلے لگانا چاہتی ہوں ، تمہارا ماتھا چومنا چاہتی ہوں مگر مجبور ہوں۔میں نے تم کو اللہ کی پناہ میں دیا ہوا ہے۔ اللہ تمہاری حفاظت فرمائے اورتم سے جلد سے ملا دے، یہ ایک ماں کی دعا اور تمنا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات