پاکستان ایڈمنسٹریٹو گروپ کے زیرتربیت افسران کی ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی سے ملاقات

منگل 15 اکتوبر 2019 18:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) :ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی سے ان کے آفس میں فیصل آباد کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان ایڈمنسٹریٹو گروپ کے زیرتربیت افسران نے ملاقات کی۔ایڈیشنل کمشنر محبوب احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز عفیفہ شاجیہ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ماریہ طارق اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈویژنل کمشنر نے زیر تربیت افسران کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں خطہ کی تاریخی وثقافتی اہمیت،زرعی وصنعتی امور،جغرافیائی پہلوئوں کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں افسران کی ذمہ داریاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور جہد مسلسل ونیک نیتی سے محکمانہ امور انجام دیکر مطلوبہ اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر جمعہ کو کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ اوپن ڈور پالیسی پر بھی روزانہ کی بنیاد پر عملدرآمدجاری ہے ۔انہوں نے پلانٹ فار پاکستان مہم،انسداد تجاوزات مہم،انسداد ڈینگی اقدامات اوردیگر حکومتی ترجیحات کاذکر کرتے ہوئے تعلیم وصحت کے شعبوں میں جاری اقدامات کی تفصیلات بھی بتائیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سپورٹس کی نرسری ہے اور یہاں سے مختلف کھیلوں کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد کرائے جارہے ہیں جس سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آرہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کینال روڈ پرٹریفک کے دبائو کو کم کرنے کے لئے کشمیر پل انڈر پاس کی تعمیر جبکہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے ۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ انتظامی معاملات کی جانچ پڑتال کے لئے فیلڈ وزٹس ترجیح ہے جس کی بدولت نہ صرف محکمانہ سروس کے بارے میں عوامی اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ عوام سے براہ راست رابطہ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

انہوں نے ٹیم کے ارکان کی طرف سے پبلک سکولوں کے کردار سمیت دیگر مختلف شعبوں سے متعلق کئے گئے سوالوں کے بھی جواب دئیے ۔افسران کی ٹیم نے مفید معلومات کی فراہمی پر ڈویژنل کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔