برطانوی شاہی جوڑی کی پاکستان آمد پر پوری قوم کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہیں ، الطاف شکور

شاہی جوڑے سے درخواست ہے وہ بھارتی ہٹلر ر مودی اور بھارتی فوج کے ہاتھوں لاکھوں بے گناہ کشمیری عوام کی منظم نسل کشی کا نوٹس لیں،بھرپور آواز بلند کریں اور اپنا ذاتی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے کشمیریوں کومظالم سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں،چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی

بدھ 16 اکتوبر 2019 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے برطانوی شاہی جوڑے شہزاد ہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کو پاکستان آمد پر پوری قوم کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں 73روز سے جاری بھارتی ظلم و بربریت کی جانب دلائی ہے۔ انہوں نے شاہی جوڑے سے درخواست کی ہے کہ وہ بھارتی ہٹلر نریندر مودی اور بھارتی فوج کے ہاتھوں لاکھوں بے گناہ کشمیری عوام کی منظم نسل کشی کا نوٹس لیں، بھرپور آواز بلند کریں اور اپنا ذاتی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے کشمیریوں کومظالم سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں الطاف شکور نے کہا کہ جس وقت شاہی جوڑا پاکستانیوں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہو رہا ہے اس وقت مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں بے گناہ شہری بھارتی حکومت کے جبر و تشدد کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کے نامکمل ایجنڈے کا حصہ ہے اور برطانوی سلطنت کا اخلاقی فریضہ ہے کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول میں ان کا بھرپور ساتھ دیں۔

اقوام متحدہ کے تحت کشمیر میں رائے شماری ابھی تک التواء کا شکار ہے اور یہ التوائ اور تاخیر بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ الطاف شکور نے برطانوی شاہی جوڑے کی توجہ کشمیر کے سنگین مسئلے کی جانب دلاتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو،کریک ڈاؤن اور لاک ڈاؤن کو 73 دن گذر چکے ہیں اور کشمیریوں کے ساتھ اس بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی پر اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

اقوام متحدہ کی اس خاموشی سے بھارتی گجراتی قصائی مودی کو مزید شہ مل رہی ہے۔چونکہ برطانوی سلطنت کا بر صغیر پاک و ہند میں راج رہ چکا ہے اس لئے انہیں اس معاملے میں اپنا کردا ر اد اکرنا چاہیئے۔ برطانوی سلطنت نے مسئلہ کشمیر کو حل کئے بنا ہی اس خطے کو چھوڑ دیا جو کہ تاریخ میں ایک سنگین ناانصافی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے مطالبہ کیا کہ کشمیر سے فوری طور پرکرفیو ا ٹھایا جائے، خوراک اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کو فوری یقینی بنایا جائے اور تمام قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے۔ کشمیریوں کو بھارتی فوج کے قبضے سے رہائی دلائی جائے اور اقوام متحدہ کے بینر تلے رائے شماری کو یقینی بنایا جائے۔#