Live Updates

عمران خاں کی طرح دھرنے کے دوران شادی کروں گا

لوگ کہتے ہیں کہ شیخ رشید بنتے جا رہے ہو،جمشید دستی کا آزادی مارچ کے دوران شادی کا اعلان

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 17 اکتوبر 2019 06:35

عمران خاں کی طرح دھرنے کے دوران شادی کروں گا
مظفر گڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر2019ء)   بھارت کے سلمان خان اور پاکستان کے شیخ رشید ایک ہی کیٹیگری کے ہیں اور دونوں ہی سے ایک سوال بارہا کیا جاتا ہے کہ شادی کب کر رہے ہیں۔تاہم سلمان خان کے ماڈل پر پاکستان میں ایک اور سیاستدان بھی ہیں جو اپنی ہڑبونگ مزاجی اور دستی انداز کی وجہ سے مشہور رہتے ہیں۔ان کا نام جمشید دستی ہے انہوں نے بھی ابھی تک شادی نہیں کی مگر ان سے اس قدر شادی کے متعلق سوال نہیں کیا جاتا جتنا کہ شیخ رشید سے کیا جاتا ہے۔

جمشید دستی کا عوامی اسٹائل ہمیشہ مشہور رہاہے کبھی گدھا گاڑی پر الیکشن کمپین،کبھی سرمنڈوا کر احتجاج اور کبھی جعلی ڈگری میں جیل کے چکر لگنے پر روتے ہوئے سیاست سے توبہ کرنا،ہر حوالے سے دستی کا اسٹائل میڈیا کی زینت بنتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اب جمشید دستی نے عمران خان کی پیروی کرتے ہوئے دھرنے کے دوران شادی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔انہوں نے مولانا کے مارچ میںشمولیت کا اعلان کرتے ہوئے شادی کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

جہاں ن لیگ اور پیپلز پارٹی مولانا کے آزادی مارچ کا حصہ بننے کے لیے گومگو کی صورت حال کا شکار ہیں وہاں عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شادی کرنے کا اعلان کر دیا۔جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو حکومت مخالف "آزادی" مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ جب بھی خوشی کی تیاری کرتا ہوں،کوئی مسئلہ کھڑا ہوجاتا ہے، اب تو لوگ کہتے ہیں کہ آپ بھی شیخ رشید بنتے جا رہے ہیں۔

جمشید دستی نے مزید کہا کہ 2019 میں شادی کا ارادہ تھا لیکن اس سال تو شادی ہوتی نظر نہیں آ رہی۔ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے دوران شادی کا اعلان کروں گا اور 2020 میں سادگی سے شادی کر لوں گا۔پاکستان تحریک انصاف کے سابق اتحادی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اللہ حکمرانوں کو بھی وعدوں کی تکمیل کی ہدایت دے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات