دہشتگردوں کی حمایت اورمنشیات اسمگلنگ کے بھارتی الزامات مسترد

بھارت سیاسی فائدے کیلئے پاکستان کا نام استعمال کرنا بند کرے، ہریانہ اورمہاراشٹرا میں انتخابی ریلیوں میں بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ پاکستان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 20 اکتوبر 2019 21:17

دہشتگردوں کی حمایت اورمنشیات اسمگلنگ کے بھارتی الزامات مسترد
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اکتوبر2019ء) پاکستان نے دہشتگردوں کی حمایت اور منشیات اسمگلنگ کے بھارتی الزامات مسترد کردیے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت سیاسی فائدے کیلئے پاکستان کا نام استعمال کرنا بند کرے، ہریانہ اورمہاراشٹرا میں انتخابی ریلیوں میں بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کی تمام دھمکیوں اورالزامات کو یکسرمسترد کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ الزامات کو تاریخ اور حقائق کومسخ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔ بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ کیا بی جے پی کے پاس پاکستان دشمنی کے علاوہ کچھ اور ہے؟ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی حمایت اورمنشیات کی اسمگلنگ کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

سیاسی فائدے کے لیے پاکستان کا نام استعمال کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

بھارت میں انتخابات جیتنے کیلئے پاکستان کے نام کا استعمال اب ختم ہونا چاہیے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہریانہ اورمہاراشٹرامیں انتخابی ریلیوں میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ پاکستانی دریاؤں کا پانی روکنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  کرتار پورراہداری کھولنے کے پاکستان کے تاریخی فیصلے کا کریڈٹ لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مزید برآں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی سرکاری جس سوچ کی مالک ہے ان سے تو مذاکرات کی امید نہیں ہی بھارتی وزیر اعظم کس قانون کے تحت پاکستان کا پانی روکیں گے بھارت نے پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلے کی پوری کوشش کی ، پاکستان اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے،ہم جلد کرتار پور راہداری کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک انٹرویومیں کہا کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے جبکہ بھارت کا بیانیہ کشمیریوں نے مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کس قانون کے تحت پاکستان کا پانی روکیں گے بھارت نے پوری کوشش کی کہ پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلے لیکن پاکستان اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کسی کو بھی مقبوضہ وادی کشمیر کا دورہ کرنے نہیں دے رہا جبکہ کشمیری بھارت سے بغاوت کر چکے ہیں اور بھارت سے نالاں ہیں۔