Live Updates

حکومت مذاکرات کے ذریعے اپوزیشن جماعتوں کے تمام مسائل حل کرنے اور تحفظات دور کرنے کیلئے تیار ہے

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی نجی ٹی وی سے بات چیت

بدھ 23 اکتوبر 2019 01:35

حکومت مذاکرات کے ذریعے اپوزیشن جماعتوں کے تمام مسائل حل کرنے اور تحفظات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت مذاکرات کے ذریعے اپوزیشن جماعتوں کے تمام مسائل حل کرنے اور تحفظات دور کرنے کیلئے تیار ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نام نہاد آزادی مارچ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے گا، انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر زور دیا کہ وہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا ارادہ ترک کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مذاکرات کے ذریعے اپوزیشن جماعتوں کے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں، بات چیت جمہوریت کا حصہ ہے اور معاملات کو خوش اسلوبی کے ساتھ نمٹانے کا یہی واحد راستہ ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ آئیں اور حکومت کے ساتھ مل کر ٹھوس موقف اپنائیں تاکہ دنیا کو سخت پیغام ملے اور وہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور پی ٹی آئی کا کوئی رہنما نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات