کرتار پور معاہدے پر کل پاکستان اور بھارت دستخط کریں گے، تقریب میں میڈیا بھی مدعو ہو گا،ڈاکٹر محمد فیصل

سفارتکاروں کو ایل او سی کے ملحقہ علاقوں کا دورہ کرایا گیا ، سب نے بھارتی جھوٹ کو اپنی آنکھوں سے بے نقاب ہوتے دیکھا،پی فائیو ممالک بھارت سے مبینہ لانچ پیڈز کی تفصیل لے کر دیں،افغان امن عمل کی بحالی کیلئے پچیس اکتوبر کو ماسکو کانفرنس میں پاکستان شرکت کریگا، میڈیا کو بریفنگ

بدھ 23 اکتوبر 2019 15:30

کرتار پور معاہدے پر کل پاکستان اور بھارت دستخط کریں گے، تقریب میں میڈیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کرتار پور معاہدے پر کل جمعرات کو پاکستان اور بھارت دستخط کریں گے، تقریب میں میڈیا بھی مدعو ہو گا، سفارتکاروں کو ایل او سی کے ملحقہ علاقوں کا دورہ کرایا گیا ، سب نے بھارتی جھوٹ کو اپنی آنکھوں سے بے نقاب ہوتے دیکھا،افغان امن عمل کی بحالی کیلئے پچیس اکتوبر کو ماسکو کانفرنس میں پاکستان شرکت کریگا۔

بدھ کو صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج نے ریاستی دہشتگردی میں مزید تین کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے ،مقبوضہ کشمیر میں 81 روز سے بدترین کرفیو نافذ ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی جانب سے یکطرفہ اور غیر انسانی اقدامات کی بین الاقوامی برادری مذمت کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پرسوں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بلا کر ایل او سی کے دورے کی دعوت دی کہ آپ ہمارے ساتھ چلیں اور اپنے آرمی چیف کے دعوے کے مطابق لانچ پیڈز دکھا دیں مگر تاحال وہاں سے کوئی جواب نہیں آیا ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان نے بھارت سے مبینہ لانچ پیڈ کے محل وقوع کی معلومات مانگی،بھارت نے یہ معلومات فراہم نہیں کی۔ترجمان نے کہاکہ پی فائیو ممالک بھارت سے مبینہ لانچ پیڈز کی تفصیل لے کر دیں۔ترجمان نے کہا کہ پوری کوشش ہے کہ کرتار پور راہداری مسودے پر (آج) جمعرات کو دستخط ہو جائیں گے ،جلد معاہدے کا مسودے کی تفصیلات بھی جاری کر دی جائیں گی ۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغان امن و مفاہمتی عمل کے لئے تمام کوششوں کا حصہ ہے افغان امن عمل کی بحالی کیلئے پچیس اکتوبر کو ماسکو کانفرنس میں پاکستان شرکت کریگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔