مظفرآباد،محکمہ تعلیم میں کمپیوٹر سے متعلق پراجیکٹ کی 456عارضی آسامیاں نارمل میزانیہ منتقل کرکے مستقل

محکمہ برقیات میں بھی کنسٹرکشن ڈویڑن کی 33آسامیاں آپریشن ڈویڑن میں منتقل کردی گئیں

اتوار 3 نومبر 2019 17:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2019ء) محکمہ تعلیم میں کمپیوٹر سے متعلق پراجیکٹ کی 456عارضی آسامیاں نارمل میزانیہ منتقل کرکے مستقل،جبکہ محکمہ برقیات میں بھی کنسٹرکشن ڈویڑن کی 33آسامیاں آپریشن ڈویڑن میں منتقل کردی گئی ہیں۔محکمہ تعلیم کی مستقل ہونے والی آسامیوں پر مجموعی طورپر ایک کروڑ 59لاکھ 68ہزار 236روپے خرچ ہوں گے۔

بجٹ محکمہ تعلیم کے نظر ثانی میزانیہ سے فراہم کیا جائے گا۔سیکرٹریٹ تعلیم کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آزادکشمیر حکومت نے محکمہ تعلیم میں کمیپوٹر سے متعلق پراجیکٹ کی 456آسامیاں نارمل میزانیہ پر منتقل کر کے مستقل کردی ہیں ان آسامیوں پر گزشتہ کئی سالوں سے اہلکار تعینات تھے اوران کی ملازمتوں کی مستقلی کا سوال اٹھ رہا تھا جبکہ تنخواہیں بھی زیر التواء تھیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی اور سیکرٹری تعلیم راجہ امجد پرویز کی تجویز پر کمپیوٹر پراجیکٹ کی آسامیاں نارمل میزانیہ پر منتقل کرنے کی منظوری کی۔نارمل میزانیہ پر منتقل کی جانے والی اسامیوں میں کمپیوٹر ٹیچرز بی16کی 227،جونیئر کمپیوٹرٹیچربی 14کی 91،لیب اسسٹنٹ بی 7کی 47،چوکیدار/نائب قاصد بی 1کی 91آسامیاں شامل ہیں۔

ان آسامیوں کی نارمل میزانیہ پر منتقلی سے محکمہ تعلیم کے نارمل بجٹ میں ایک کروڑ 59لاکھ 68ہزار 236روپے کا اضافہ ہوگا جو نظر ثانی میزانیہ برائے 2018-19میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔کمپیوٹر پراجیکٹ کی نارمل میزانیہ پر منتقلی کا محکمہ مالیات کی رضامندی کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔آزادکشمیر حکومت کی جانب سے محکمہ تعلیم کی 456عارضی آسامیوں کی مستقلی اطلاع پر آزادکشمیر بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ملازمین نے حکومت سے اظہار تشکر کیاہے۔

متعلقہ عنوان :