جعلی پولیس والے نے مشتبہ افراد کو پکڑنے میں مدددی ، بعد میں خود بھی گرفتار ہوگیا

Ameen Akbar امین اکبر پیر 4 نومبر 2019 23:48

جعلی پولیس والے نے مشتبہ افراد  کو پکڑنے میں مدددی ، بعد میں خود بھی ..

شمالی کیرولائنا میں   پولیس ایک مشتبہ گاڑی کا پیچھا کر رہی تھی کہ اسی دوران ایک اور شخص اس تعاقب میں شامل ہوگیا۔خود کو پولیس آفیسر ظاہر کرنے والے  اس شخص نے گن پوائنٹ پر مشتبہ افراد کو گرفتار کرایا تاہم  پولیس نے بعد میں اس جعلی پولیس آفیسر کو بھی گرفتار کر لیا۔

5 اکتوبر کو ولسن ، شمالی کیرولائنا میں  پولیس تیزی سے دوڑتی ہوئی ایک مشتبہ  کار کا پیچھا کر رہی تھی۔

پولیس نے اس کار کو ایک مشتبہ قاتل کی تلاش میں روکا تھا، جب پولیس اس کار کے قریب پہنچی تو ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی۔پولیس آفیسر اپنی پیٹرولنگ کار کی طرف بھاگے۔ دومیل کےتعاقب کے بعد ہی ایک عجیب واقعہ ہوا۔ نیلی روشنی چمکاتی ایک سیاہ فورڈ ٹاؤرس کار پولیس کار کے پاس سے گزری ۔ فورڈ کار نے مشتبہ کار کے آگے جا کر اسے رکنے پر مجبور کر دیا۔

(جاری ہے)

پیٹرولنگ کار میں موجود پولیس آفیسر ابھی سمجھے بھی نہیں تھے کہ کیا ہو رہا ہے، سیاہ فورڈ میں سے ایک  شخص  نکلا اور  اس نے مشتبہ گاڑی  میں موجود پانچوں افراد کی  طرف پستول تان لی۔ بعد میں اس شخص  کی شناخت  ڈیوڈ ایڈمز کے نام سے ہوئی۔ڈیوڈ نے انہیں گاڑی نے نکلنے کا حکم دیا اور ان کے ہاتھ بھی بندھوائے۔یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس دوران پیٹرولنگ کار میں موجود پولیس افسران کیا کر رہے تھے۔

ڈیوڈ کے جانے کے بعد  پولیس پانچوں افراد کو لے گئی۔ تفتیش کرنے پر پتا چلا کہ ڈیوڈ اصلی پولیس والا نہیں تھا۔ پولیس نے ڈیوڈ کا پتا لگا کر اسے خود کو پولیس والا ظاہر کرنے پر  گرفتار کر لیا۔ بعد میں اسے 1500 ڈالر کی ضمانت پر چھوڑا گیا۔

مشتبہ گاڑی میں موجود پانچ افراد میں ایک  مشتبہ قاتل کو بھائی تھا۔ وہ بھی مشتبہ قاتل کی تلاش میں تھے۔ ڈیوڈ نے ان افراد کو گرفتار کرا کر تیکنیکی  طور پر ان کی بھی مدد کی ہے۔ دیکھناہے کہ جج اس دلچسپ مقدمے کا  کیا فیصلہ سناتے ہیں۔