کراچی ،پولیس کی کارروائیاں ،بھتہ خور حفیظ ڈاڈا گرفتار ،نارتھ ناظم آباد سے 3اسٹریٹ کرمنلز دھرلیے گئے

جمعہ 8 نومبر 2019 16:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2019ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کھوکھراپار سے گینگ وار کا بھتہ خور ٹارگٹ کلرحفیظ عرف ڈاڈا، جبکہ نارتھ ناظم آبادسے 3 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار کرلیے ہیں۔پولیس نے کھوکھراپار سے لیاری گینگ وار ارشد پپو کا انتہائی خطرناک ٹارگٹ کلر حفیظ عرف ڈاڈاگرفتار کرلیا ہے، ملزم نے دوران تفتیش پولیس اہلکاروں کے قتل سمیت متعدد قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

حفیظ ڈاڈا کے مطابق رواں سال پاک کالونی میں ساجد ڈکیت کے جوئے کے اڈے پر پولیس پارٹی نے چھاپہ مارا تو ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس سے اہلکار فاروق شہید ہوگیا۔ملزم نی2017 میں ساتھیوں کے ساتھ مل کرحاجرہ نامی لڑکی کو قتل کیا، 2015 میں حفیظ ڈاڈا بلدیہ مدینہ کالونی میں غیر قانونی اسلحہ سمیت گرفتار ہوا۔

(جاری ہے)

2014 میں گینگ وار بلال عرف پپو کے کہنے پر ساتھیوں کے ساتھ مل کر گولیمار، ریکسر لائن میں پولیس پر حملہ کیا جس سے ایک اہلکارشہیددوسرا زخمی ہوگیا، حفیظ ڈاڈا کے ساتھیوں میں معراج، شیراز، عبدالقادر عرف ڈی جے، عبید عرف سیٹھا، زین، حبیب، ساحل سمیت دیگر شامل ہیں۔

لیاری، کلری پولیس نے پولیس پر حملوں اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم سکندر عرف پٹنی کو گرفتار کرلیا، سکندر پٹنی نے کھارادر میں کوچنگ سینٹرکی انتظامیہ سے ایک لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا۔بھتہ خور نے کوچنگ سینٹر کے منتظم نوید کو بھتہ کی رقم دینے کے لئے نیا آباد بلایا تو پولیس بھی اطلاع ملتے پہنچ گئی اور بھتہ خور کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم سے 25 ہزار روپے بھتہ کی رقم اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔نارتھ ناظم آباد، حیدری سے پولیس نے 3 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں خادم عرف لیاقت، سہیل اور علی شاہ شامل ہیں۔ملزمان نے سچل گوٹھ اور مدینہ اکلونی سمیت دیگر علاقوں میں لوٹ مار کی ہے، ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔