Live Updates

ڈاکٹرعلامہ محمد اقبالؒ نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا،

بلاشبہ اقبالؒ مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کے داعی تھے ، شاعر مشرق کا پیغام آج بھی ہماری رہنمائی کی راہ متعین کرتا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار

جمعہ 8 نومبر 2019 20:31

ڈاکٹرعلامہ محمد اقبالؒ نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر پاک ..
لاہور۔8 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا،بلاشبہ اقبالؒ مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کے داعی تھے اور انہوںنے علاقائی حدود و قیود سے ماورا ہو کر انسانیت کو اپنے پیغام کا مخاطب بنایا اور شاعر مشرق کا پیغام آج بھی ہماری رہنمائی کی راہ متعین کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے علامہ اقبالؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ کی مسلمانو ں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام کی تجویز ان کی سیاسی بصیرت کی عکاس تھی اورصرف 17 برس کی قلیل مدت میں اقبالؒ کے تصور کو قائداعظمؒ کی قیادت میں حقیقی تعبیر ملی۔

(جاری ہے)

اقبالؒ نے نئی نسل میں انقلابی روح پھونکی اور اسلام کی عظمت کو اجاگر کیا اور علامہ اقبالؒ کے افکارپر عمل پیرا ہونے سے ہی پاکستان ایک اعتدال پسند اور فلاحی ریاست بنے گا۔

علامہ اقبالؒ کی شاعری اورافکار پر عمل کرناہی ان کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ علامہ محمد اقبال ؒ نے اپنی فکرانگیز شاعری کے ذریعے خودداری ، اعلیٰ اقدار ، انصاف پسندی ، صاف گوئی اورجمہوریت کا درس دیا اور نئے پاکستان کا وژن اقبالؒ کے افکار اور فلسفے کے عین مطابق ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم علامہ اقبالؒ کے افکار کے مطابق نیا پاکستان بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

علامہ اقبالؒ نوجوانوں کے لئے ذہنی مصلح اور ایک رہبر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ علامہ اقبالؒ اسلام کے آفاقی پیغام کے علمبردار ہیں جو ہر زمانے کیلئے زندہ و پائندہ ہے۔ علامہ اقبالؒ عدل و انصاف، جذبہ ایمانی، خودداری اور انسان دوستی کو مسلمانوں کی ترقی کا ضامن سمجھتے تھے۔ علامہ اقبالؒ کے تصور پاکستان کو سمجھنے کی آج اشد ضرورت ہے ۔ علامہ اقبالؒ کے افکار پر عمل پیرا ہو کر آزادنہ، منصفانہ اور عادلانہ معاشی و سماجی نظام قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔ اقبالؒ کے فکر و فلسفہ کی حقیقی تعبیرسے ہی پاکستان سیاسی، معاشی، مذہبی اور معاشرتی لحاظ سے دنیا میں ممتاز مقام حاصل کرے گا۔ آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم علامہ اقبالؒ کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات