ترکی کے وزیراعظم کے سابق مشیر اور سابق رکن اسمبلی جاہد باغجی کا جامعہ سندھ جامشورو کا دورہ

تدریسی و تحقیقی تعاون، فیکلٹی و اسٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام، یونیورسٹیز کے درمیان لنکیجز پروگرام، اسکولوں کے تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے تعاون پر بات چیت

منگل 12 نومبر 2019 22:15

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2019ء) ترکی کے وزیراعظم کے سابق مشیر، ترکی کے سابق رکن اسمبلی اور معارف فائونڈیشن ترکی کے روح رواں جاہد باغجی نے منگل کو جامعہ سندھ جامشورو کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت سے ملاقات کی اور شیخ الجامعہ سندھ کے ساتھ ظہرانہ میں شرکت کی، وائس چانسلر ہائوس میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران باہمی ہم آہنگی کے مختلف معاملات پر بات چیت کی گئی جس میں تدریسی و تحقیقی تعاون، فیکلٹی و اسٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام، یونیورسٹیز کے درمیان لنکیجز پروگرام، اسکولوں کے تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے تعاون وغیرہ شامل ہیں، پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے ڈاکٹر جاہد باغجی کو جامعہ سندھ آنے پر خوش آمدید کہا اور تعلیم و تحقیق کی بہتری اور ترقی کیلئے ان کے جذبے اور کاوشوں کو سراہا، وائس چانسلر نے بتایا کہ جامعہ سندھ اور ترکی کی مختلف یونیورسٹیز کے مابین مضبوط تعلیمی اور تحقیقی تعاون جاری ہے اور اہم یادداشت ناموں پر دستخط کیے ہوئے ہیں، وائس چانسلر نے معزز مہمان کو یہ بھی بتایا کہ کچھ عرصہ پہلے وہ ترکی کی سلجوق اور یلدز یونیورسٹی سمیت وہاں کے اہم تعلیمی انسٹیٹیوٹس کا دورہ کر چکے ہیں اور وہاں پر جس انداز میں ان کا استقبال کیا گیا اور انہیں عزت دی گئی وہ کبھی بھی بھول نہیں پائیں گے، وائس چانسلر نے جامعہ سندھ کے اساتذہ اور اسکالرز کو ترکی کی مختلف جامعات میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے مواقع دینے والے عمل کی خصوصی طور پر تعریف کرتے ہوئے وہ چاہتے ہیں کہ جامعہ سندھ کے سید پناہ علی شاہ ماڈل اسکول جامشورو اور ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول حیدرآباد کے تعلیمی معیار کی بہتری کے سلسلے میں معارف فائونڈیشن تعارف کرے، جیسے یہ دونوں اسکول بھی پاک ترک اسکولز کی طرح تعلیمی معیار کے حوالے سے منفرد اسکول بنیں، انہوں نے کہا کہ ان اسکولز میں جامعہ سندھ کے ملازمین کے بچوں کی اکثریت تعلیم حاصل کر رہی ہے اور وہ ان بچوں کو بہتر سے بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے خواہشمند ہیں، وائس چانسلر نے اس سلسلے میں تعاون کرنے پر ڈاکٹر جاہد باغجی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی معیاری تعلیم میں ہی پنہاں ہے، اس لیے ہم سب کو تعلیم کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جاہد باغجی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی تعلیم کی جانب خصوصی توجہ ہے، نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ دوست ممالک سے بھی اس کا بھرپور تعاون ہے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ترکی حکومت کے باہمی تعاون سے پورے پاکستان میں 67 پاک ترک اسکول قائم ہیں جن کا انتظام معارف فائونڈیشن کے حوالے ہیں اور ان اسکولز کی وزٹ کے سلسلے میں ان کا اکثر پاکستان آنا ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ ان اسکولز کے قیام کا بنیادی مقصد معیار تعلیم کو پروموٹ کرنا ہے اور اس حوالے سے پورے ملک میں پاک ترک اسکولز کو منفرد حیثیت حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے تعاون کے سلسلے کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنائیں، ترکی اور پاکستان دونوں برادر اسلامی ممالک ہیں جنہوں نے ہر دکھ سکھ میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور اپنے اداروں کے ذریعے ایک دوسرے کو تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کیے ہیں جو سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، انہوں نے وائس چانسلر کو جامعہ سندھ کے ساتھ ان کے دونوں ماڈل اسکولز کے تعلیمی معیار کی بہتری کے سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا، اس موقع پر معارف فائونڈیشن ترکی کے ہیڈانویسمینٹ اسٹیٹجی پلاننگ اینڈ بجیٹنگ متین زمانتیو گلو، معارف فائونڈیشن کے ریجنل ڈائریکٹر کراچی اسیر کراباجک، معارف فائونڈیشن لمس کے ڈائریکٹر یونس آمریکوا، اسریٰ کیمپس کے ڈائریکٹر سراہی یلماز اور پاک ترک اسکول جامشورو کے پرنسپل یاسر اقبال بھی معزز مہمان کے ساتھ تھے، ملاقات میں نیشنل سینٹر آف ایکسیلینس ان اینالاٹیکل کیمسٹری کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شہاب الدین میمن، بیورو آف اسٹیگس کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیرا عمرانی، سینٹر کے اساتذہ ڈاکٹر حسن عمران آفریدی، ڈاکٹر فرح ناز تالپور، ڈاکٹر طفیل احمد شیرازی، ڈاکٹر تسنیم گل قاضی، ڈاکٹر آمنہ بلوچ، ڈاکٹر ایاز میمن اور ڈاکٹر جمیل احمد بیگ بھی موجود تھے۔