مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد دھرنا ختم کردیا

مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کی جانب سے ناامیدی کے بعد جے یو آئی شدید دباﺅ میں تھی او ر وہ ”فیس سیونگ“مانگ رہے تھی.معتبر ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 13 نومبر 2019 18:35

مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد دھرنا ختم کردیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 نومبر ۔2019ء) جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آج آزادی مارچ کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے ساتھیوں کی مدد کے لیے آج ہی اسلام آباد سے روانہ ہوجائیں گے. ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کی جانب سے ناامیدی کے بعد مولانا فضل الرحمان شدید دباﺅ میں تھے او ر وہ ”فیس سیونگ“مانگ رہے تھے لہذا انہوں نے اپنے احتجاج کا دائرہ ملک بھر میں پھیلانے کا اعلان کرنے وہ ”فیس سیونگ“حاصل کرلی ہے.

مقتدرحلقوں کے ساتھ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے.

(جاری ہے)

قبل ازیں مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جے یو آئی (ف) کا مشاورتی اجلاس ہوا اس دوران شرکاءدھرنا نے سامان سمیٹنا شروع کردیا ہے‘ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں پشاور موڑ پر گزشتہ 2 ہفتے سے جاری احتجاج دھرنا آج ختم ہونے کا اعلان ہوسکتا ہے‘مولانا فضل الرحمان کسی بھی وقت پلان ’بی‘ کے تحت اسلام آباد سے دھرنا ختم کرکے ملک بھر میں پھیلانے کا اعلان کرسکتے ہیں.

ذرائع کے مطابق جے یوآئی کی قیادت آج آزادی مارچ دھرنا ختم کرنے اعلان کرے گی، جس کے بعد پلان بی کے تحت دھرنے کے شرکاءملک بھر میں پھیل جائیں گے اورحکومت مخالف دھرنے دیں گے. جے یو آئی( ف) کے سینئر رہنما مولانا عطا ءالرحمان نے دھرنے کے شرکاءسے خطاب میں کہا کہ ہمارے پلان بی پر عمل شروع ہوچکا ہے، بلوچستان میں چمن، کوئٹہ شاہراہ بند کردی گئی ہے.

انہوں نے کہا کہ کل سے ملک کی اہم شاہراہیں بند کی جائیں گی، روالپنڈی میں جی ٹی روڈ، خیبرپختونخوا میں لوئر دیر کے چکدرہ چوک اور جیکب آباد شاہراہ کو بھی بند کیا جائے گا. مولانا راشد سومرو نے آزادی مارچ کے شرکاءسے خطاب میں کہا کہ ہماری تحریک کا اگلا پڑاﺅ پلان بی کی شکل میں شروع ہورہا ہے. انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی یہ نہ سمجھے کہ ہم ناکام ہورہے ہیں بلکہ ہم آج کامیابی کے زینے پر چڑھتے جارہے ہیں‘جے یو آئی رہنما نے کارکنوں کو ہدایات دیں اور کہاکہ کراچی میں کارکن کل دوپہر دو بجے سے پہلے حب ریورروڈ پر پہنچیں ،کارکن ملک بھر کے دھرنوں میں ہرگزڈنڈے نہ اٹھائیں اور ایمبولینس کوراستہ دیں.

اس سے قبل مولانا فضل الرحمان کے بھائی اور جے یو آئی( ف) کے مرکزی رہنما مولانا عطاءالرحمان نے اسلام آباد میں موجود تمام کارکنوں کو فوری طور پر پنڈال میں جمع ہونے کی تاکید کردی ہے. مولانا عطا الرحمان کا کہنا ہے کہ کے یو آئی( ف) کے سربراہ اور آزادی مارچ کے روحِ رواں مولانا فضل الرحمان جلد اہم اعلان کرنے آرہے ہیں، اس لیے کارکنان تمام کام چھوڑ کر پنڈال میں آ جائیں.

اسٹیج سے اعلان کیے جا رہے ہیں کہ خیموں میں موجود کارکنان اسٹیج کے قریب تشریف لے آئیں، باہر نکلے ہوئے کارکنوں کو فون کر کے پنڈال میں بلایا جائے، تمام رضاکار جلد سے جلد اپنی اپنی پوزیشنیں سنھبال لیں. جمعیت علماءاسلام (ف) کا آزادی مارچ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اسلام آباد میں موجود ہے تاہم قائد جے یو آئی( ف) کے حکم کے مطابق اب آزادی مارچ احتجاج کے پلان بی پر بلوچستان میں عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے.