Live Updates

چین کی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ سطحی وفد کا پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ ،

چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے تفصیلی ملاقات کی

جمعرات 14 نومبر 2019 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے مابین اشتراک عمل میں تیزی آ رہی ہے اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کا خصوصی دورہ کیا اور چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے تفصیلی ملاقات کی۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق چین سے آنے والے وفد میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ چینی سفارتخانہ کے حکام اور پولیٹیکل ڈویلپمنٹ کے ماہرین بھی شامل تھے۔

چینی صوبے جیانگشی کے نائب چیئرمین پیپلز پولیٹیکل کانفرنس چین جن چنگ نے وفد کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اشتراک کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

چینی کمیونسٹ پارٹی نشیب و فراز پر مشتمل ایک طویل شاہراہ سے گزرتے ہوئے آج ایک مقام پر کھڑی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کا بے مثال منصوبہ رکھتی ہے۔

ان کے مطابق سیاسی جماعتوں کی سطح پر تعاون دونوں قوموں کو قریب لانے میں معاون ثابت ہو گا۔ وفد کا مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ چین نے قلیل وقت میں ترقی کی منازل قابل رشک رفتار سے طے کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی ترقی میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے کلیدی کردار کا جدا نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کیلئے چینی کمیونسٹ پارٹی کے تجربات سے استفادہ کے بہت سے پہلو ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیراعظم عمران خان تحریک انصاف کو جدید سیاسی ادارے کی صورت میں دیکھنا چاہتے ہیں چنانچہ تنظیم سازی کے حوالہ سے چینی کمیونسٹ پارٹی کا تجربہ خصوصی دلچسپی کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے انسداد اور گورننس میں بہتری کے چینی طریقوں کا مطالعہ بھی ہماری دلچسپی کا محور ہے۔

ملاقات میں چینی عمائدین نے چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف کے چین میں خیرمقدم میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے سیف اللہ خان نیازی کو چین تشریف لانے کی باضابطہ دعوت دی۔ چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے اظہار تشکر کیساتھ چینی عمائدین کے دعوت قبول کی۔ چیف آرگنائزر کے ساتھ ملاقات میں چین کے تاریخی صوبے جیانگشی سے متعلق مختصر دستاویزی فلم بھی چلائی گئی۔

دوسری جانب انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے بارہویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکنان و سابقین کو دلی مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدوجہد کے اس صبر آزما سفر کے دوران مصائب و مشکلات جھیلنے والے لاکھوں نوجوانوں کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مٹھی بھر نوجوانوں کے ساتھ مل کر 14 نومبر 2007ء کو آئی ایس کا پودا لگایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 12 سال قبل لگایا گیا پودا آج قدآوار درخت بن کر قوم کو سایہ اور پھل دونوں فراہم کر رہا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان کی قیادت میں نوجوانوں کی جدوجہد آج تاریخ کے اہم مقام پر پہنچ چکی ہے مگر سفر ابھی بھی باقی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جس لگن اور محنت سے آج ہم اس مقام تک پہنچے ہیں اس سے کہیں زیادہ توانائیاں خود کو منظم کرنے پر صرف کرنا ہوں گی۔ وقت کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے پیش قدمی کی تو وہ دن دور نہیں جب ہمارا خواب کو تعبیر ملے گی، پاکستان میں ''ریاست مدینہ'' کے اصولوں پر حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کی تشکیل کا ہدف حاصل ہوگا اور نوجوانوں کو انشاء اللہ ان کے خوابوں کی تعبیر ملے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات