راولپنڈی اسلام آباد میں موسم سرما کی پہلی بارش اور سردی کی آمد کے ساتھ ہی گرم کپڑوں کی قیمت میں کئی گنا اضافہ

جمعہ 15 نومبر 2019 17:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں موسم سرما کی پہلی بارش اور سردی کی آمد کے ساتھ ہی گرم کپڑوں کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا، بارش کا یہ سلسلہ شروع ہونے کے بعد اب سردیوں کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا اس صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے لنڈا بازار میں گرم کپڑے، کوٹ، جیکٹس، گرم ٹوپیاں، جرابیں اور یورپ سے لنڈے میں آئے ہوئے جوتے بھی شامل ہیں جو سردی سے بچاؤ کیلئے عام آدمی کا پہناوا ہے جن کی قیمتوں میں سردی کی آمد کے ساتھ ہی اضافہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

جی نائن مرکز، آبپارہ، کھنہ پل، جی ٹین اور ان جیسے بڑے بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ سے ان بازاروں کا رخ کرنے والے عام شہریوں کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے، پچھلے ہفتے جس کوٹ کی قیمت دو، اڑھائی سو روپے میں تھی اب 5، 6 سو روپے ڈیمانڈ کی جا رہی ہے۔ اسی طرح دیگر گرم کپڑوں کی قیمت میں دو سے تین گنا اضافہ ہو گیا ہے اور غریب آدمی کا یہ پہناوا مہنگائی اور قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے سردیوں کے آغاز پر ان کی دسترس سے دور ہو گیا ہے۔