خواتین اور بچیوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کے واقعات پورے معاشرے کے چہرے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں،اقبال ہاشمی

_ کشمیر، فلسطین، شام اور برما سمیت متعدد مسلم ملکوں کی بیٹیاں ظلم و جبر کی سیاہ رات کا مقابلہ کر رہی ہیںاور مدد مدد پکار رہی ہیں لیکن مسلم حکمران خاموشی کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں ھ* ڈاکٹر عافیہ کا واقعہ پاکستانی اور امریکی حکومتوں کے ماتھے پر بدنما داغ بن گیا ہے ; ہر سال خواتین کا عالمی دن آتا اور گذر جاتا ہے لیکن بے حسی کی چادر اوڑھے حکمرانوںکے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگتی، چیف آرگنائزر پاسبان ڈیموکریٹک پار ٹی

پیر 25 نومبر 2019 21:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 نومبر2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک میںخواتین کے ساتھ ہراسگی ، بے حرمتی، نا انصافی اور کاروکاری کے نام پر قتل و غارت گری اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات پورے معاشرے کے چہرے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔ کشمیر، فلسطین، شام اور برما سمیت متعدد مسلم ملکوں کی بیٹیاں ظلم و جبر کی سیاہ رات کا مقابلہ کر رہی ہیںاور مدد مدد پکار رہی ہیں لیکن مسلم حکمران خاموشی کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں۔

قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساتھ17 برسوں سے قید تنہائی اوربلا ثبوت و شواہد 86 سالہ سزا کا واقعہ پاکستانی اور امریکی حکومتوں کے ماتھے پر بدنما داغ بن گیا ہے۔ ہر سال خواتین کا عالمی دن آتا ہے اور گذر جاتا ہے لیکن بے حسی کی چادر اوڑھے حکمرانوںکے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگتی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نمرتا چندال، شمائلہ عباسی، تانیہ خاصخیلی، ڈاکٹر رخسانہ، فضیلہ سرگی، کائنات سومرو سمیت کسی بیٹی کو انصاف نہ ملنا نظام انصاف پر سوالیہ نشان ہے۔

وہ پاسبان پبلک سیکریٹیریٹ میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن اور ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے ۔اقبال ہاشمی نے کہا کہ اس دن کے موقع پر قیام پاکستان کی تحریک میں ولولہ انگیز جدو جہد کرنے والی مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ، بیگم رعنا لیاقت علی خان،بیگم شاہنواز، سلمی تصدق حسین، محترمہ بینظیر بھٹو اور مریم مختار کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیئے۔

ملک بھر میں خواتین کے ساتھ عزت کی پامالیوں ، کاروکاری کے نام پر جائیدادیں ہتھیانے کی کاروائیوں اور صنف نازک کے ساتھ ظلم و ستم کے واقعات پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ اقبال ہاشمی نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے معاملے پرحکومت پاکستان نے شدید بے حسی کا مظاہرہ کیا ہے۔ خواتین کے عالمی دن پر ڈاکٹر عافیہ کی ضعیف والدہ عصمت صدیقی، بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور ڈاکٹر عافیہ کے بچے مریم اور احمد سارا دن انتظار کرتے رہے لیکن پاکستانی وزارت خارجہ اپنی ہی قوم کی بیٹی سے فیملی کی چند منٹ کی فون پر بات بھی نہیں کروا سکی۔

اگر قوم کی بیٹی عافیہ کی عزت محفوظ نہیں تو پھر کسی بیٹی کی عزت و حرمت محفوظ قرار نہیں دی جا سکتی۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سب سے پہلے ہماری حکومت کو یہ عزم کرنے کی ضرورت ہے کہ ملک میں عام اور خاص آدمی کا فرق ختم کیا جائے تا کہ قوم کی ہر ماں ،بیٹی اور بہن کو عزت و حرمت کا یکساں تحفظ حاصل ہو سکے۔