لاء اسٹوڈنٹس کا کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینا خوش آئند قدم ہے، بیرسٹر پیر مجیب مظہر الحق

لاء اسٹوڈنٹس کرکٹ لیگ میں شریک تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پارلیمانی سیکریٹری قانون و انصاف کمیٹی کا کمشنر آفس میں خطاب

منگل 3 دسمبر 2019 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2019ء) لاء اسٹوڈنٹس کا کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینا خوش آئند قدم ہے اور اس احسن قدم کا سہرا جسٹس ہیلپ لائن کے صدر ندیم شیخ ایڈووکیٹ اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ لاء اسٹوڈنٹس کرکٹ لیگ میں شریک تمام مستقبل ک وکلاء کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار سندھ اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین بیرسٹر پیر مجیب مظہرالحق نے پیر الٰہی بخش لاء کالج دادو کے طلباء کے اعزاز میں کمشنر کراچی ہائوس میں منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی تعلیم حاصل کرتے ہوئے غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلباء مبارکباد کے مستحق ہیں اس موقع پر کمشنر کراچی کی نمائندگی ایڈیشنل کمشنر فیصل نور نے کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر کمشنر کراچی کی جانب سے شہر میں جاری اسپورٹس کی سرگرمیوں سے حاضرین کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر کراچی نے اپنے دفتر کے دروازے سماجی تنظیموں اور دیگر فلاحی کام کرنے والوں کیلئے کھول دیئے ہیں۔

جسٹس ہیلپ لائن کے صدر ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے کہا کہ لاء اسٹوڈنٹس کرکٹ لیگ کا فائنل میچ 7 دسمبر کو معین خان کرکٹ اکیڈمی میں فلڈ لائٹ میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ شہر کے پانچ مختلف سینٹروں میں اس وقت کرکٹ لیگ کے مقابلے کراچی جمخانہ، اصغر علی شاہ اسٹیڈیم، جلال الدین وائٹل 5 گرائونڈ، نیشنل بینک گرائونڈ میں جاری ہیں۔ اس موقع پر تقریب میں سلیم مائیکل ایڈووکیٹ، حارث امین بھٹی، سنی گھنشام اور سید ذوالفقار شاہ نے بھی خطاب کیا۔