ملک میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 94 تک پہنچ گئی

بدھ 4 دسمبر 2019 17:15

ملک میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 94 تک پہنچ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2019ء) ملک میں پولیو کیسز کی تعداد تھمنے کے بجائے مزید اضافہ ہوگیا اور سال کے آخری مہینے کے آغاز میں ہی مزید 3 پولیو کیسز سامنے آگئے۔قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری نے خیبرپختونخوا کے 2 جبکہ سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک بچے سے حاصل کردہ نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کردی۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کری شاموزئی میں 18 ماہ کے بچے، لکی مروت کے علاقے تتر خیل میں 4 ماہ کے بچے اور لاڑکانہ کے علاقے کرانی میں 9 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں رواں برس پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 94 ہوچکی ہے جبکہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے خیبرپختونخوا میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 68 تک جاپہنچی ہے۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد خیبرپختونخوا کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کووآرڈنیٹر عبدالباسط کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں 16 دسمبر سے انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔اجلاس میں والدین سے اپیل کی گئی کہ اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلا کر عمر بھر کے لیے معذور کردینے والی بیماری سے محفوط رکھیں۔

متعلقہ عنوان :