4اگست سے کشمیر میں 5 ہزار ایک سو 61کشمیر ی گرفتار کیے گئے، بھارتی حکومت کا اعتراف

جمعرات 5 دسمبر 2019 12:47

4اگست سے کشمیر میں 5 ہزار ایک سو 61کشمیر ی گرفتار کیے گئے، بھارتی حکومت ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) بھارتی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے مقبوضہ کشمیر میں رواں برس چار اگست سے 5ہزار ایک سو 61کشمیر ی گرفتار کرلئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ جے کشن ریڈی نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار کیے جانے والوں میں سیاسی رہنما ، کارکن اور دیگر لوگ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت اترپریش کی جیلوں میں 234جبکہ ہریانہ کی جیلوں میں 27کشمیری زیر حراست ہیں جبکہ جموں وکشمیر کی جیلوں میں کل 3ہزار 2سو 48کشمیری نظر بند ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ نریندر مودی کی سربراہی میں قائم بھارتیہ جنتاپارٹی کے فرقہ پرست بھارتی حکومت نے رواں برس پانچ اگست کو آئین کی دفعات370اور 35۔ اے منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی ۔

اس یکطرفہ اور ناروا اقدام کے خلاف کشمیریوں کے احتجاج کو روکنے کیلئے اس نے مقبوضہ علاقے خاص طور پر وادی کشمیراور جموں اور لداخ کے مسلم اکثریتی علاقوں میں سخت پابندیاں نافذ کر دیں اور چپے چپے پر بھارتی فورسز کے لاکھوں اہلکار تعینات کر دیے ۔ فوجی محاصرے اور پابندیوں کا سلسلہ گزشتہ چار ماہ سے زائد عرصے سے جاری ہے جس کی وجہ سے کشمیری عوام اس وقت سخت مشکلات و مصائب کا شکار ہیں۔