بنگلہ دیش کا پاکستان کیخلاف سیریز نیوٹرل مقام پرکھیلنے کا عندیہ

حکومت سے کسی بھی وجہ سے کلیئرنس نہ ملنے پر غیر جانبدار مقام پر کھیلیں گی:اکرم خان

جمعرات 5 دسمبر 2019 23:04

بنگلہ دیش کا پاکستان کیخلاف سیریز نیوٹرل مقام پرکھیلنے کا عندیہ
ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2019ء) بنگلہ دیشی حکومت بدستور خاموش ہے اور پاکستان کیخلاف آئندہ برس کے اوائل میں شیڈول سیریز اب نیوٹرل مقام پر بھی زیر غور ہے ،بی سی بی کرکٹ آپریشنز کے چیئرمین اکرم خان نے واضح کیا ہے کہ حکومت کی طرف سے دورے کی اجازت مل جائے تو پھر پاکستان کرکٹ بورڈ سے مزید مذاکرات کریں گے ،کھلاڑیوں کیساتھ مل بیٹھ کر ان کی رائے بھی لی جائے گی،کسی بھی وجہ سے کلیئرنس نہ ملنے پر غیر جانبدار مقام پر کھیلیں گے کیونکہ ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی میچوں کے الگ مقامات پر انعقاد سے پی سی بی نے انکار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوری اور فروری میں بنگلہ دیشی ٹیم کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں 2 میچز اور 3ٹی ٹونٹی میچز پاکستان میں کھیلنا ہیں جو فیوچر ٹور پروگرام کا بھی حصہ ہیں البتہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو مجوزہ دورے کیلئے اپنی حکومت کی جانب سے اجازت کا انتظار ہے جو کسی بھی طرح نہیں مل سکی تو پھر یہ میچز کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلنے جانے کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

بی سی بی کرکٹ آپریشنز کے چیئرمین اکرم خان نے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں ایک بار پھر واضح کردیا کہ اگر انہیں حکومت کی جانب سے اجازت مل گئی تو وہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے مزید بات چیت کریں گے لیکن حکومت کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں ملا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر چیز کا انحصار حکومت پر ہے کہ وہ کیا چاہتی ہے کیونکہ اسکی جانب سے کلیئرنس کے بعد ہی وہ مل بیٹھ کر کھلاڑیوں سے بھی بات چیت کریں گے کہ وہ پاکستان ٹور کے متعلق کیا رائے رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیشی سکیورٹی وفد نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کی بنیاد پر بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے اپنی خواتین اور انڈر 16ٹیم پاکستان کے دورے پر بھیجی تھی اور اب اسی وفد کی جانب سے بنگلہ دیشی حکومت کو رپورٹ دی جائیگی کہ وہ اپنی مینز کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجے یا نہیں۔اکرم خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مذاکرات میں ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز کو مختلف مقامات پر کھیلنے سے متعلق بات ہوئی تھی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے وہ تجویز مسترد کردی گئی تھی۔