Live Updates

عثمان بزدار اب ترقیاتی بجٹ کا ایک روپیہ بھی تقسیم نہیں کر سکیں گے

وزیراعظم نے فںڈز کی تقسیم اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کی تمام ذمے داری چیف سیکرٹری اعظم سلیمان کو سونپ دی

muhammad ali محمد علی جمعرات 5 دسمبر 2019 20:06

عثمان بزدار اب ترقیاتی بجٹ کا ایک روپیہ بھی تقسیم نہیں کر سکیں گے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 دسمبر 2019ء) عثمان بزدار اب ترقیاتی بجٹ کا ایک روپیہ بھی تقسیم نہیں کر سکیں گے، وزیراعظم نے فںڈز کی تقسیم اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کی تمام ذمے داری چیف سیکرٹری اعظم سلیمان کو سونپ دی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ اب وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے پاس واقعی کوئی اختیارات نہیں رہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب چلانے کی تمام ذمے داری چیف سیکرٹری اعظم سلیمان کو سونپ دی ہے۔ چوہدری غلام حسین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے عثمان بزدار سے ترقیاتی بجٹ کو کنٹرول کرنے کا اختیار بھی واپس لے لیا ہے۔ اب چیف سیکرٹری ہی ترقیاتی بجٹ کی تقسیم اور اس کی نگرانی کی ذمے داری سنبھالیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی۔

ملاقات میں پنجاب گورننس کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کوعمران خان کو حالیہ انتظامیہ تبدیلیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے عثمان بزدار کو پنجاب میں گڈ گورننس مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی کہ عوام کو بھرپور انداز میں ریلیف فراہم کیا جائے۔ ریاست ایک احساس کا نام ہے۔

معاشرے کے کمزورطبقات کو اوپر اٹھانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گورننس میں بہتری کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں۔ پنجاب کو بہترین ٹیم دی، اب کارکردگی دکھانا ہوگی، پنجاب میں حالیہ تبدیلیوں کا مقصد بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں میرٹ ، گورننس میں واضح بہتری نظرآنی چاہیے۔عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، عوام کو مسائل کے حل کیلئے خوار نہ ہونے دیں۔

مزید برآں وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت تعمیرات کے شعبہ کے فروغ، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت ملک بھر میں گھروں کی تعمیر خصوصاً کم آمدنی والے افراد کو اپنی ذاتی چھت کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی منصوبے میں اب تک کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی، چیئرمین ایف بی آر، صوبائی چیف سیکرٹریز، صوبائی حکومتوں کے متعلقہ سینئر افسران و دیگر شریک تھے۔

چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی نے اجلاس کو تعمیرات کے شعبے کے فروغ اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کو عملی جامہ پہنانے میں اب تک ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ تعمیرات کے شعبہ کے فروغ کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تعمیراتی مرحلہ پر لاگو کئے جانے والے سیلز ٹیکس کو ختم کر دیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں اس فیصلے کے اطلاق کی منظوری دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ تعمیر شدہ گھر کی فروخت کے مرحلہ پر فکس ٹیکس کے نفاذ پر تمام صوبائی حکومتوں میں اتفاق ہو چکا ہے۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت بننے والے گھراس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیئے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کیپیٹل ویلیو ٹیکس کی شرح کم کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ای۔سٹام پیپرز کا بھی اجراء کیا جا رہا ہے جس سے تعمیرات کے شعبے سے منسلک افراد کو آسانی میسر آئے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات