سعودی عرب میں اینٹی بائیوٹک ادویات ڈاکٹری نسخے کے بغیر فروخت کرنے پر پابندی عائد

وزارت صحت کے مطابق اس خلاف ورزی پر فارمیسیز کے مالکان کو چھ ماہ تک قید اور ایک لاکھ ریال جرمانہ ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 6 دسمبر 2019 10:28

سعودی عرب میں اینٹی بائیوٹک ادویات ڈاکٹری نسخے کے بغیر فروخت کرنے پر ..
جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6دسمبر 2019ء) سعودی عرب میں اینٹی بائیوٹک ادویات ڈاکٹری نسخے کے بغیر فروخت کرنے پر پابندی لگ گئی۔ سعودی ویب سائٹ نے وزارت صحت کے حوالے سے خبر دی ہے کہ آئندہ سے کوئی بھی فارمیسی کسی بھی شخص کو ڈاکٹری نسخے کے بغیر اینٹی بائیوٹک ادویات فروخت کرنے کی مجاز نہیں ہو گی۔ اس نوعیت کی خلاف ورزی پر قید اور جرمانے کی سزا کا سامنا کرنا ہو گا۔

وزارت صحت کی جانب سے تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر کسی فارمیسی ملازم یا مالک نے ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر اینٹی بائیوٹک ادویات فروخت کرنے کی کوشش کی تو پکڑے جانے پر اُسے چھ ماہ تک کی قید ہو سکتی ہے اس کے علاوہ ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ بھی بھرنا پڑے گا۔ اس خلاف ورزی کی مرتکب فارمیسی کے مالک کا لائسنس بھی منسوخ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اکثر فارمیسی والے پیسے کمانے کی خاطر گاہک کو اینٹی بائیوٹک ادویات تھما دیتے ہیں، حالانکہ اینٹی بائیوٹک کسی بھی مرض کی تشخیص کے بغیر دینا ایک خطرناک عمل ہے۔

ڈاکٹری نسخے کے بغیر اینٹی بائیوٹک کا استعمال انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے، اسی وجہ سے مقامی اور غیر مُلکی افراد کی زندگیوں اور صحت کو محفوظ بنانے کی خاطر یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی حکومت نے بیشتر ادویات آن لائن یا پوسٹ کے ذریعے منگوانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے علاوہ چند طبی آلات و لوازمات پر بھی یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔

سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آئندہ سے کوئی بھی شخص آن لائن یا بذریعہ پوسٹ ادویات اور دیگر طبی سامان نہیں منگوا سکتا۔ تاہم اگر بہت ضروری ہو تو پھر اس کے لیے اتھارٹی سے پیشگی اجازت حاصل کرنا ہو گا۔ یہ پابندی بعض افراد اور اداروں کی جانب سے ممنوعہ ادویات منگوانے اور بھجوانے کے بڑھتے ہوئے منفی رحجان کو روکنے کی خاطر لگائی جا رہی ہے۔

اتھارٹی کے مطابق بعض افراد اور اداروں کی جانب سے مضر صحت اور جعلی دوائیاں، جڑی بوٹیاں اور دیگرطبی سامان جھوٹے دعوؤں کے ساتھ آن لائن فروخت کیا جا رہا ہے۔ یہ دوائیاں ممنوعہ اور غیر رجسٹرڈ ہیں ۔ جن کی فروخت اور ترسیل کرنے والے انٹرنیٹ یا ایکسپریس ڈاک کا سہارا لے رہے ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق سعودی مملکت میں ادویہ اور طبی سامان کی منظوری کا باقاعدہ نظام اور طریقہ کار موجود ہے، کسی بھی فرد یا ادارے کو اپنی ادویات سعودی عرب بھیجنے سے قبل ان ادویات اور طبی ساز و سامان کو سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی سے رجسٹر کروانا ہو گا۔