Live Updates

پشاور بی آر ٹی کے حوالے سے ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی خیبر پختوانخواہ حکومت کی نا اہلی کا پردہ چاک کردیا ‘ عظمیٰ بخاری

عمران خان کو شہبازشریف سے خصوصی کلاسزلینے کی ضرورت ہے،اورنج لائن ٹرین کا دوبارہ افتتاح کرتے حکومت کوشرم آنی چاہیے

ہفتہ 7 دسمبر 2019 14:49

پشاور بی آر ٹی کے حوالے سے ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی خیبر پختوانخواہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2019ء) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پشاور بی آر ٹی کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی خیبر پختوانخواہ حکومت کی نا اہلی کا پردہ چاک کردیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پشاور میٹرو منصوبہ بے ضابطگیوں اور انتظامی نااہلیوں کی بڑی مثال بن چکا ہے،عمران خان پشاور میٹرو منصوبے کی نہ تحقیقات کررہے ہیں اور نہ تحقیقات ہونے دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف واحد لیڈر ہیں جنہوںنے آشیانہ سکینڈل کی تحقیقات کی اور معاملہ اینٹی کرپشن کو بھیجا،پشاورہائیکورٹ نیب اور ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دے چکی ہے،نیب نے بی آر ٹی کے کھنڈرات پر اربوں روپے کی کرپشن پر آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ بی آر ٹی کا قرض آئندہ دو نسلیں ادا کریں گی،جو منصوبے بغیر کسی وژن اور منصوبہ بندی شروع ہوں ان کاحشر ایسا ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے 100 ارب میں تین میٹرو بسیں چلادی جبکہ عمران خان 200ارب میں ایک میٹرو بس نہیں چلاسکے،ملک نا اہل اور نالائق شخص سے بچانے کا واحد حل ان ہائوس تبدیلی یا نئے انتخابات ہیں،گر ان کو مزید موقعہ دیا گیا تو یہ پورے ملک کو پشاور کے کھنڈرات میں تبدیل کردینگے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان نے اورنج لائن ٹرین کو روکنے کیلئے کئی ہربے استعمال کیے،عمران خان کو شہبازشریف سے خصوصی کلاسزلینے کی ضرورت ہے،اورنج لائن ٹرین کا دوبارہ افتتاح کرتے حکومت کوشرم آنی چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات