فیروزوالا میں نا معلوم افراد کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں تین سیاسی کارکن جاں بحق ،آئی جی نے رپورٹ طلب کر لی

جاں بحق افراد کا تعلق جماعت اسلامی سے بتایا گیا ہے ، دو افراد معجزانہ طو رپر محفوظ رہے، ورثاء کا لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج

ہفتہ 7 دسمبر 2019 18:25

فیروزوالہ /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2019ء) فیروزوالا میں نا معلوم افراد کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں تین سیاسی کارکن جاں بحق ہوگئے، آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ تینوں افراد فیروز والا کچہری میں پیشی پر آئے تھے اور کیس کی سماعت کے بعد واپس مریدکے جارہے تھے کہ رانا ٹائون کے قریب نا معلوم افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں صداقت علی صداقت، شبیر حسین سرویا اور اسد ہاشمی جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈرائیور اور ساتھ والی سیٹ پر بیٹھا شخص معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق جماعت اسلامی سے بتایا گیا ہے۔ لواحقین نے لاشیں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کردی۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شدید نعریبازی کی ۔آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔