سعودی شاہی خاندان کے شہزادے کی خاموشی سے پاکستان آمد

شہزادہ منصور بن محمد بن سعد اپنے وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے میں سعودی عرب سے ڈی غازی خان ایئر پورٹ پر پہنچے

muhammad ali محمد علی اتوار 8 دسمبر 2019 00:05

سعودی شاہی خاندان کے شہزادے کی خاموشی سے پاکستان آمد
ڈی جی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2019ء) سعودی شاہی خاندان کے شہزادے کی خاموشی سے پاکستان آمد، شہزادہ منصور بن محمد بن سعد اپنے وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے میں سعودی عرب سے ڈی غازی خان ایئر پورٹ پر پہنچے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شاہی خاندان کے افراد پاکستان میں تلور کا شکار کرنے کیلئے ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان پہنچنے والے سعودی شاہی وفد کی قیادت پرنس منصور بن محمد بن سعد کر رہے ہیں۔

سعودی شاہی خاندان کا وفد خصوصی طیارے کے ذریعے سعودی عرب سے ڈی غازی خان ایئر پورٹ پر پہنچا۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی شاہی خاندان کو وزرات داخلہ نے شکار کا پرمٹ جاری کر رکھا ہے جبکہ سعودی شاہی خاندان کے افراد سفارتی پاسپورٹ پر پاکستان آئے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ برس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے ایڈووکیٹ شیراز ذکا اور دیگر کی درخواست پر عبوری حکم سناتے ہوئے فیصلہ دیا تھا کہ سال 2019 میں تلور کے شکار پر پابندی رہے گی ۔

عدالتی کمیشن تلور کی آبادی سے متعلق اپنے سروے رپورٹ جمع کروائے گا اور پھر اس رپورٹ کی بنیاد پر پابندی ہٹانے یا نہ ہٹانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اسی فیصلے میں عدالت نے سال 2018 کے لیے ملک میں تلور کا شکار کرنے کے لیے اجازت دے دی تھی ۔ جبکہ واضح رہے کہ سعودی عرب کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک کے شاہی خاندانوں کے افراد بھی تلور کے شکار کیلئے پاکستان آتے رہتے ہیں۔ ایک جانب سعودی شاہی خاندان کے افراد پاکستان پہنچے ہیں تو دوسری جانب ایک قطری شہزادے کی بھی پاکستان آمد ہوئی ہے۔