Live Updates

پی ٹی آئی میں مائنس عمران خان کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا‘ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے ماضی میں لوٹ مار کرکے ملک کا بیڑہ غرق کیا، اپوزیشن کا بویا ہوا ہم کاٹ رہے ہیں،حکومت کی معاشی ٹیم نے ملک کو اقتصادی بحران سے نکالا‘ ہر آنے والے دن معیشت میں بہتری آرہی ہے، جہانگیر خان ترین کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 8 دسمبر 2019 17:30

پی ٹی آئی میں مائنس عمران خان کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا‘ مسلم لیگ (ن) ..
لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عمران خان کی وجہ سے ہے، مائنس عمران خان کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ماضی میں لوٹ مار کرکے ملک کا بیڑہ غرق کیا اور اپوزیشن کا بویا ہوا ہم کاٹ رہے ہیں‘ اب تاثر یہ ہے کہ جن لوگوں پر کیسز ہیں وہ باہر جانا چاہتے ہیں‘ حکومت معیشت کو سنبھال رہی ہے جبکہ معاشی ٹیم نے ملک کو اقتصادی بحران سے نکالا‘ ہر آنے والے دن معیشت میں بہتری آرہی ہے اور آئے گی۔

وہ اتوار کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں جہانگیر خان ترین نے کہا کہ پہلے بھی حکومت نے چیئرمین بی این پی اختر مینگل کے ساتھ ملکر بلوچستان کے مسائل حل کئے‘ ان سے رابطہ ہوا ہے ان کے آئندہ بھی مسائل حل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ساتھ حکومت کا کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، ان سے جھگڑا صرف لوٹ مار کی وجہ سے ہے کیونکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے لوٹ مار کرکے ملک کا بیڑہ غرق کیا اور ان کا بویا ہوا آج ہم کاٹ رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مولانا کا کچھ پتہ نہیں چلتا کبھی وہ آتے ہیں اور کبھی جاتے ہیں۔ آئینی معاملات کے حوالے سے ایک سوال پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئینی معاملات کو حل کرنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہماری یہ بھی آئینی ذمہ داری ہے کہ اپوزیشن اور حکومت ملکر بیٹھیں اور آئینی معاملات کا حل نکالیں‘ یقین ہے کہ آئینی معاملات کو ملکر حل کرلیں گے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اس وقت لندن میں نواز شریف کی تیمارداری میں مصروف ہیں اور اب مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران سے ان کی ملاقات ہوئی ہے‘ ان کو حکومت کے ساتھ کوئی تحفظات نہیں اور نہ ہی کوئی مائنس ون کی بات ہوئی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات