پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے طالبان کیساتھ مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے فیصلے کو مثبت پیش رفت سمجھتا ہے، وزیر خارجہ

امریکہ طالبان امن معاہدے اور بین الافغان مذاکرات کے جلد اور کامیاب اختتام کی اہمیت کی ضرورت ہے ،شاہ محمود قریشی کی گفتتگو

ہفتہ 14 دسمبر 2019 22:38

پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے طالبان کیساتھ مذاکرات کے دوبارہ آغاز ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا طالبان کے ساتھ مذاکرات کے دوبارہ آغاز کا فیصلہ ایک مثبت پیش رفت ہے جس سے افغانستان اور خطے میں امن اور استحکام کے قیام میں مدد ملے گی۔دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر خارجہ نے امریکی سفیر اور افغانستان مفاہمتی عمل کیلئے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کے ساتھ گذشتہ زوز ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان امن و مفاہمت کے عمل میں سہولت کے کردار کے ساتھ ساتھ بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو افغان امن عمل کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے امریکہ طالبان امن معاہدے اور بین الافغان مذاکرات کے جلد اور کامیاب اختتام کی اہمیت کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے تشدد میں کمی اور تمام فریفین کی طرف سے اپنے متعلقہ وعدوں کی تکمیل کی اہمیت کی بھی اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے ایسے عناصر کے کردار اور سرگرمیوں کو بھی ذہن میں رکھنے کی ضرورت پر زور دیا جو خطے میں امن کی واپسی کے خواہاں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم اور خوشحال افغانستان کے بغیر اقتصادی خوشحالی اور رابطہ کاری کا خواب حقیقت کا روپ نہیں دھار سکتا۔ انہوں نے یقین دلایا کے افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے اور علاقائی رابطے کے مشترکہ وڑن کو عملی شکل دینے کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔