Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات

ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا

Ahmad Tariq احمد طارق اتوار 15 دسمبر 2019 03:05

وزیراعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات
ریاض (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 دسمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اورخطےکی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا. وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا. ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنماوَں کی دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی گئی، وزیراعظم کی طرف سے خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارتکاری کے ذریعے حل پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

  
وزیر اعظم سعودی قیادت سے ملاقات میں پاک سعودیہ تعلقات کے فروغ سمیت دونوں ممالک کے مابین مختلف معاہدوں پر بھی بات کریں گے، وزیراعظم عمران خان سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے. واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورہ کے دوسرے مرحلے میں ہفتہ کو سعودی عرب کے دارا لحکومت ریاض پہنچ گئے۔

رائل ٹرمینل پر ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز اور پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے استقبال کیا۔ سعودی حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ یاد رہے کہ 
رواں برس اکتوبر میں بھی وزیراعظم نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جبکہ وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی اجلاس میں جانے سے قبل بھی سعودی عرب گئے تھے جہاں سعودی ولی عہد نےعمران خان کو امریکہ جانے کے لئے اپنا خصوصی طیارہ بھی دیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات