خصوصی عدالت کے فیصلے سے پاکستان بھر کے محب وطن عوام کے جذبات مجروع ہوئے ہیں،داکٹر خالد مقبول صدیقی

ایم کیو ایم پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اتوار کو روز لیاقت آباد فلائی اوور پر جمع ہونگے اور اس فیصلے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں گے،پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 20 دسمبر 2019 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2019ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے گزشتہ روز سنگین غداری کیس کے تفصیلی فیصلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اس فیصلے میں جو زبان استعمال کی گئی ہے اس نے اس مقدمے کی میرٹ پر بہت سے سوال کھڑے کر دیئے ہیں بدقسمتی سے جو الفاظ اس فیصلے میں استعمال کیئے گئے وہ انتہائی قابل افسوس اور تکلیف دہ ہیں جس عدالت نے یہ فیصلہ سنایا ایسی عدالتوں کوو سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کینگرو کورٹ سے تعبیر کرتی رہی ہیں عدالتوں کے فیصلے سے اگر تعصب جھلکنے لگے تو اس کے نتائج تباہ کن ہو سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد پر سینئر ڈپٹی عامر خان،ڈپٹی کنوینرز،نسرین جلیل،کنور نوید جمیل،مئیر کراچی وسیم اختر و اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا مزید کہنا تھا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے سے پاکستان بھر کے محب وطن عوام کے جذبات مجروع ہوئے ہیں ہم عدالتوں کا بہت احترام کرتے ہیں اور آج بھی ہم اعلی عدالتوں سے ہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس فیصلے کا جائزہ لیں گے عدالتی فیصلے قوموں کی تقدیر بنتے ہیں اور اگر فیصلوں کی زبان اس طرح کی ہو تو پھر کیا رائے قائم کی جا سکتی ہے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ فیصلے کی زبان سے جو حساسیت عوام میں پائی جاتی ہے اس پر بھی ہمیں شدید تحفظات ہیں اور ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ یہ فیصلہ اور اس میں استعمال کی جانے والی زبان اداروں کی مابین کشیدگی کا باعث بنے گی ایم کیو ایم پاکستان جمہوریت کو ہی واحد راستہ سمجھتی ہے جس پر چل کر پاکستان اپنی منزل حاصل کر سکتا ہے اور چیف جسٹس پاکستان ہی اس مسئلہ میں فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں اور وہ جنر ل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف آنے والے فیصلے کے پیچھے چھپے اسباب اور مذموم مقاصد کو بے نقاب کریں گے اس پس منظر میں ایم کیو ایم پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اتوار کو روز لیاقت آباد فلائی اوور پر جمع ہونگے اور اس فیصلے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اس ضمن میں ہم تمام طبقہ آبادی تاجروں،کاروباری حضرات،اہل دانش اور صحافیوں سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس اجتماع کا حصہ بن کر انصاف کیلئے اپنی آواز بلند کریں یہ اجتماع دوپہر 2بجے رکھا گیا ہے اور اس میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہیں۔