پی ٹی آئی رکن اسمبلی کے گھر پر دستی بم سے حملہ

گل ظفر خان حملے کے وقت گھر پر موجود تھے، بال بال بچ گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 2 جنوری 2020 11:15

پی ٹی آئی رکن اسمبلی کے گھر پر دستی بم سے حملہ
باجوڑ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔02 جنوری 2020ء) رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان کے گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا ہے۔گل ظفر خان خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔جنگ اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ شب رات 12 بجے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند علاقہ گٹکی میں نامعلوم افراد نے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے باجوڑ کے رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان کے گھر پر دو دستی بم پھینکے جو زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے۔

ایک بم رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان جب کہ دوسرا بم ان کے چچا کے حجرے میں گرا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے رکن گل ظفر خان اس حملے میں بال بال بچ گئے،حملے کے وقت وہ گھر پر ہی موجود تھے۔ابھی تک کسی نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی جب کہ باجوڑ پولیس نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گل ظفر خان کا تعلق حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔

انتخابات کے وقت گل ظفر خان کی سوشل میڈیا پر چائے بناتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس سے یہ تاثر عام ہوا تھا کہ پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بننے والا ظفر علی خان ایک چائے والا ہے۔تاہم بعد میں بتایا گیا کہ باجوڑ سے منتخب ہونے والے گل ظفر خان دراصل ایک کروڑ پتی شخصیت ہیں جنہوں نے الیکشن کمیشن میں 3 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔

گل ظفر کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق ان کے اثاثوں میں ایک کروڑ روپے کی غیر منقولہ جائیداد شامل ہے جبکہ ان کے پاس ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کے 2 گھر اور زرعی زمین بھی ہے۔ رکن قومی اسمبلی ظفر خان گارمنٹس کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور ان کے کل اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 14 لاکھ 80 ہزار روپے ہے ،ْ ان کے اثاثوں میں ایک سال کے دوران 14 لاکھ 80 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق گل ظفر علی خان کی چائے بنانے کی ویڈیو ان کے الیکشن جیتنے کے بعد کی تھی۔