وزیر مملکت علی محمد خان کا برف باری سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو ایل پی جی سبسڈائز نرخوں پر فراہم کرنے کا معاملہ (آج) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اٹھانے کا اعلان

پیر 13 جنوری 2020 22:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2020ء) پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے برف باری سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو ایل پی جی سبسڈائز نرخوں پر فراہم کرنے کا معاملہ (آج) منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اٹھائے جانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو قومی اسمبلی میں حالیہ بارشوں اور برف باری سے متاثرہ علاقوں میں پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے اراکین کے نکتہ ہائے اعتراض کے جواب میں دیا۔

نکتہ اعتراض پر کراچی سے رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے کہا کہ ان کا علاقہ صنعتی ایریا ہے۔ وہاں پر گیس نہیں ہے جس سے بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی طرح گھریلو صارفین کو بھی گیس نہیں مل رہی۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ گلیات کا علاقہ بھی برف باری کی وجہ سے متاثرہ ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کی طرف سے سڑکیں کھلی ہیں لیکن خیبرپختونخوا کی اطراف میں سڑکیں بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برف باری سے متاثرہ تمام علاقوں میں ایل پی جی سبسڈائز نرخوں پر فراہم کی جائے۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ مرتضیٰ جاوید عباسی کی تجویز کو وہ صوبائی حکومت کو ریفر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف ایوبیہ فیڈر بند ہے لیکن برف باری کی وجہ سے کام میں مشکلات ہیں۔ علی محمد خان نے کہا کہ کل کابینہ کے اجلاس میں وہ مرتضیٰ جاوید عباسی کی تجویز کو وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔

عمران خٹک نے کہا کہ ضلع نوشہرہ میں اضاخیل یونین کونسل میں کاسا 1000 پراجیکٹ کا کنورٹر سٹیشن بنایا جارہا ہے۔ یہ سٹیشن زرعی زمینوں پر بنایا جارہا ہے جس پر لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے سکم کے لئے بنجر زمین کی ادائیگی کی پیشکش کی۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ باقی وولٹیج کرنٹ سٹیشن ہوگا اور ہمیں بین الاقوامی قواعد و ضوابط کے مطابق چلنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ قائمہ کمیٹی میں لایا جائے یا این ٹی ڈی سی کے حکام سے معاملہ اٹھایا جائے گا۔ زاہد اکرم درانی نے کہا کہ ان کے حلقے بنوں ٹائون شپ اور پشاور میں ریگی للمہ سکیم میں آر ایل این جی گیس کے نرخ وصول کئے جارہے ہیں۔ دونوں سکیموں میں ایس این جی پی ایل کے نرخوں کا اطلاق کیا جائے۔ کیسومل داس کھیل نے کہا کہ ان کے حلقے میں لینڈ اور بلڈنگ مافیا لوگوں کی زمینوں پر قبضے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

جامشورو کے عوام اس پر احتجاج کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔ علی محمد خان نے کہا کہ کیسومل داس کا ایشو سندھ کا ہے۔ یہ معاملہ داخلہ کمیٹی کو بھی ارسال کیا جاسکتا ہے۔ صدر نشیں نے کہا کہ پارلیمنٹ وفاقی ایشو کو دیکھتی ہے۔ علی محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم شکایات سیل کو معاملہ ریفر کیا جائے گا۔ صبغت اللہ خان نے کہا کہ برف باری سے اپر دیر میں رابطہ سڑکیں بند ہیں۔

پانچ روز پہلے صوبائی حکومت نے سڑکیں صاف کی تھیں لیکن اب دوبارہ بند ہوئی ہیں۔ این ڈی ایم اے کو سڑکیں صاف کرنے کے احکامات دیئے جائیں۔ انہوں نے اپردیر کو گیس کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔ جے پرکاش نے کہا کہ ایک ماہ پہلے سکھر میں ہند وکمیونٹی کی ایک لڑکی کو کراچی سے اغواء کیا گیا۔ ایف آئی آر کاٹی گئی، اس صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔ علی محمد خان نے کہا کہ دین میں جبر نہیں، دین اسلام کسی کو زبردستی مسلمان بنانے کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ اس بارے میں پارلیمان کی کمیٹی بنی ہے یہ معاملہ وہاں ریفر کیا جائے۔ محمد صالح نے کہا کہ ضلع مانسہرہ برف باری میں ڈوبا ہے۔ رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ انہوں نے این اے 13 میں گرڈ سٹیشن کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔ عمرا یوب نے کہا کہ ضلع مانسہرہ میں بند فیڈرز کھولنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جیسے ہی برف باری رکے گی کام شروع ہوگا۔

شیر اکبر خان نے کہا کہ بونیر بھی برف باری سے متاثر ہے۔ حکومت اور این ڈی ایم اے صورتحال میں بہتری کے لئے اقدامات کرے۔ انہوں نے بونیر میں گیس کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔ آفرین خان نے کہا کہ این اے 11 کوہستان پہاڑی علاقہ ہے وہاں پر لینڈ سلائیڈنگ سے سڑک بلاک ہے۔ صوبائی حکومت کو بند سڑکیپں کھولنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔ کمال الدین نے کہا کہ کوئٹہ پشین سڑک بند ہے اسے کھولنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔