Live Updates

سردار عتیق احمد کا وادی نیلم میں برفباری اور بارشوں سے مالی و جانی نقصان پر گہرے دکھ و رنج و غم کا اظہار

بارش اور برف سے متاثر ہونے والے شہریوں کو تمام ممکنہ امدادی اور طبی سہولتیں فراہم کی جائیں،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کا حکومت سے مطالبہ

منگل 14 جنوری 2020 16:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2020ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے وادی نیلم میں برفباری اور بارشوں سے 55 سے زائد انسانی جانوں کے ضیاع اور وادی نیلم سمیت دیگر علاقوں میں مالی و جانی نقصان پر گہرے دکھ و رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے وادی نیلم کے کیل،کنڈیان،کھیرگام،لوات،کالا کوٹ،سرگن،بکوالی،شنڈتاس میں برفانی تودوں کی زد میں آکر کئی رہائشی مکانات کے تباہ ہونے اور خاتون سمیت ایک ہی خاندان تین افراد کے جاں بحق ہونے والے واقعے پر گہرے دکھ و رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران خاندان سے تعزیت اور جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت کی دعا کی۔

سردار عتیق احمد خان نے ایک علاقہ لوات بالا میں سکول جانے والے چھ بچوں کے برفانی تودے کے نیچے دب جانے والے سانحہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ذمہ داران کو ہدایت کریں کہ بارش اور برف سے متاثر ہونے والے شہریوں کو تمام ممکنہ امدادی اور طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

خراب موسمی کی وجہ سے خطرات سے دوچار آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے ہر ممکنہ جلد از جلد اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے این جی اوز،بالخصوص ریڈکریسنٹ سوسائٹی اور دیگر سماجی تنظیموں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ برفباری اور بارشوں سے شہریوں کو لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس مشکل کی گھڑی میں متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات