نواز شریف کو وطن واپس آکر جیل میں باقی سزا کاٹنا چاہیے. شہزاد اکبر

عمران خان کے دباﺅ پر یاسمین راشد نے جھوٹ پر مبنی سیاسی پریس کانفرنس کی. مریم اورنگزیب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 14 جنوری 2020 19:09

نواز شریف کو وطن واپس آکر جیل میں باقی سزا کاٹنا چاہیے. شہزاد اکبر
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 جنوری۔2020ء) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب و امور داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ منظر عام پر آنے والی نئی تصویر سے لگتا ہے کہ میاں صاحب کی طبیعت اب بہتر ہے. صحافیوں سے گفتگو میں شہزاد اکبر نے کہا کہ میاں نواز شریف کی طبیعت میں بہتری کے بارے میں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر سے پتا چلا انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہے تو نواز شریف کو وطن واپس آکر جیل میں باقی سزا کاٹنا چاہیے، وہ آتے ہیں تو ان سے جیل میں دیگر قیدیوں جیسا سلوک ہوگا.

(جاری ہے)

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ نواز شریف سے جیل میں امتیازی سلوک نہیں روا رکھا جائے گا اور احتساب کا عمل جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری ان کی عمر اور لائف اسٹائل سے متعلق ہے.

شہزاد اکبر نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف کیس میں کچھ اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں، شہباز شریف اور سلمان شہباز کو جوابات دینا پڑیں گے انہوں نے کہا کہ جعلی اکاﺅنٹس کیس کے بڑے کردار پلی بارگین کی طرف جارہے ہیںوزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ معاملات پارلیمان میں طے ہوتے ہیں یا عدالتوں میں، کسی اور فورم کا سوچنے والے غلط دکان پر بیٹھے ہیں.

دوسری جانب مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب کے دباﺅ پر یاسمین راشد نے جھوٹ پر مبنی سیاسی پریس کانفرنس کی ایک بیان میں ترجمان نون لیگ نے وزیر پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد عمران صاحب کو بتائیں کہ نواز شریف کا آج بھی ریبیوڈیم پی ای ٹی اسکین ہوا.

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کے ٹیسٹ کی رپورٹ موجود ہونے کے باجود سیاسی تماشہ کیا ہے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹروں کی تصدیق شدہ رپورٹس عدالت اور پنجاب حکومت کو بھجوائی جا رہی ہیں .سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ نواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹ پنجاب کے متعلقہ حکام سے شیئر کی گئی ہیں ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ نواز شریف کی تازہ رپورٹ آج ہی پنجاب حکومت کے متعلقہ حکام کو بھیجی گئی ہیں.گزشتہ روز نواز شریف کی لندن کے ریسٹورنٹ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائر ہوئی تھی جس پر دو دن سے کافی خبروں میں ہے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے گزشتہ روز نواز شریف کے ذاتی معالج سے رابطہ کیا تھا اور ان سے سابق وزیراعظم کی رپورٹ طلب کی تھی.انہوں نے آج پریس کانفرنس کی اور کہا کہ لگتا نہیں کہ نوازشریف لندن میں علاج کروارہے ہیں، وہ ٹھیک لگ رہے ہیں.