لیاری ندی کے کنارے دونوں اطراف 26 کلومیٹر طویل رقبے پر دنیا کا سب سے بڑا شہری جنگلات قائم کیا جائے گا،صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ

پیر 20 جنوری 2020 23:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2020ء) وزیر بلدیات اور جنگلات و جنگلی جیوت سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ لیاری ندی کے کنارے دونوں اطراف 26 کلومیٹر طویل رقبے پر دنیا کا سب سے بڑا شہری جنگلات قائم کیا جائے گا، جس کا باضابطہ افتتاح چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ شہری جنگلات میں ماحول دوست پھل دار درخت لگائے جائیں گے۔

ان خیالات کا انھوں نے منصوبے کے مقام لیاری ندی کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ضلع غربی فیاض سولنگی، چیئرمین ڈی ایم سی ویسٹ اظہار الدین، ایم سی وسیٹ اشفاق ملاح، چیف کنزرویٹر اعجاز نظامانی، ڈویڑنل فاریسٹ افسر مقصود احمد کے علاوہ دیگر افسران اور علاقے کے معززین بھی موجود تھے۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وڑن کے مطابق شہری جنگلات کا یہ منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

پہلا منصوبہ لیاری ندی کے کنارے جبکہ دوسرا منصوبہ ملیر ندی کے دونوں اطراف شروع کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے میں شہریوں کیلیے تفریح مقام کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی کریں جبکہ بچوں کے لیے چھوٹے کھیل کے مقامات، جاگنگ ٹریک اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کیلیے اسے پرکشش مقام بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی شہری جنگلات قائم کیے جائیں گے۔

اور اس مہم میں ہمارے ساتھ ایم کیو ایم کے علاوہ دیگر جماعتیں بھی شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کیلیے فٹبال، والی بال، باکسنگ، باسکٹ بال کے گراؤنڈ بھی بنائے جائیں گے تاکہ مقامی بھی صحتمند سرگرمیوں میں بھی حصہ لے سکیں۔ انھوں نے کہا کہ موسمیاتی تغیرات کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی و فضائی آلودگی کے باعث کراچی میں ضروری ہے کہ زیادہ سے زیاہد شجرکاری کی جائے۔ انھوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ شہری جنگلات کے ایریا میں کسی بھی قسم کا کچرا نہیں دالا جائے بصورت دیگر کچرا ڈالنے والے ذمے داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔#