ٓکھوکھلے نعرے لگا کر عوام کو دھوکہ دینے والے اب بھاگنے کیلئے راستے تلاش کررہے ہیں،ملک سجاد

چوردروازے سے آنے والے نااہل اور جعلی حکمرانوں سے عوام حساب لیں گے،بھاگنے نہیں دینگے،مسلم لیگی رہنما و یوسی چیئرمین

منگل 21 جنوری 2020 20:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما ویوسی 34 اسلام آبادسے چیئرمین ملک سجا د نے کہاہے کہ تبدیلی سرکاربھی عوام کو صرف اور صرف لولی پاپ دے رہے ہیں انہیں ملک و قوم کی عزت اور تعمیر وترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، مہنگائی کے سونامی اور عفریت نے قوم کو نگل لیا ہے،اگر مہنگائی کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو خطرہ ہے کہ مہنگائی سے تنگ عوام اجتماعی خودکشیاں کرنے پر مجبور نہ ہوجائیں۔

انہوں نے کہاکہ نااہل ،نالائق پی ٹی آئی حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہوگئی ہے، تحریک انصاف کا سونامی بربادی ثابت ہواہے،نالائقوں نے معیشت کو تباہ کر دیا، مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی،سلیکٹڈحکومت تمام شعبوں میں ناکام ہوچکی،نالائق وزئراعظم اور کرائے کے ترجمانوں کا واحد مسئلہ اور توجہ صرف میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف ہیں،اصل معاشی اعشارئیے یہ ہیں کہ 15روپے کی روٹی اور 30روپے کانان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈوزیراعظم عمران نیازی انتشار کی سیاست اور قوم کومنتشر کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں،مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ اس لئے بنایاجا رہا ہے تاکہ عوامی مسائل سے توجہ ہٹاسکیں لیکن اب نیازی حکومت کاجاناٹھہرگیا ہے،کھوکھلے نعرے لگا کر عوام کو دھوکہ دینے والے اب بھاگنے کیلئے راستے تلاش کررہے ہیں،چوردروازے سے آنے والے نااہل جعلی حکمرانوں سے عوام حساب لیں گے،بھاگنے نہیں دینگے۔

مسلم لیگی رہنما وچیئرمین میٹروکارپوریشن اسلام آباد ملک سجاد نے کہاکہ اداروں کو مضبوط کرنے والوں نے اداروں کو تباہ کرکے رکھ دیاہے جس کی مثالیں الیکشن کمیشن تعیناتیاں ،چیف آف آرمی سٹاف کی توسیع کے سلسلہ میں غلط انداز میں نوٹیفکیشن جاری کرنا اور ماضی میں قرضوں کو حکمرانوں کی نااہلی اور اب اپنے دور میں قرضوں کو تازہ ہوا کا جھونکا دینے جیسی بے شمار نالائقیاں ریکارڈ پر موجود ہیں،نااہل اور نالائق حکمران الزام تراشی کے سواکچھ نہیں کرسکے۔