نامزد چیف الیکشن کمشنر چئیرمین نیب سے زیادہ جوہر دکھائیں گے

سکندر سلطان راجا چیف الیکشن کمشنر بن کر اپنے جوہر دکھائیں گے تو ن لیگ سمیت دوسری جماعتوں کو جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اچھے لگیں گے۔ طلعت حسین کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 22 جنوری 2020 14:19

نامزد چیف الیکشن کمشنر چئیرمین نیب سے زیادہ جوہر دکھائیں گے
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 22 جنوری 2020ء ) حکومت اور اپوزیشن نے گذشتہ روز چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق کیا تھا۔الیکشن کمیشن کی تعیناتی کے لئے قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے منصب کے لئے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کیا۔ اسی حوالے سے سینئیر تجزیہ نگار طلعت حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکندر سلطان راجہ جب چیف الیکشن کمشنر بن کر اپنے جوہر دکھائیں گے تو ن لیگ سمیت دوسری جماعتوں کو نیب کے چیرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اچھے لگیں گے۔

واضح رہے کہ نامزد چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ ضلع سرگودھا کے گاؤں بھیرہ میں پیدا ہوئے، والد آرمی افسر تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی اسکول بھیرہ، میٹرک اور ایف ایس سی کیڈٹ کالج حسن ابدال سے کیا، ایم بی بی ایس کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے کیا ، ایل ایل بی کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔

ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ نے سی ایس ایس 1987 میں کیا اور ڈی ایم جی،پی اے ایس گروپ میں شامل ہوئے۔ کیریئر کا آغاز اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کی حیثیت سے کیا۔ اپنی ملازمت کے دوران ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب، صوبائی سیکریٹری مواصلات اینڈ ورکس پنجاب، صوبائی سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، صوبائی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ پنجاب کے اہم عہدے پر فائز رہے۔

وہ وفاقی حکومت میں ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور چیف سیکریٹری آزاد کشمیر کی خدمات بھی انجام دے چکے ہیں جب کہ وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم ، سیکریٹری سیفران بھی رہے۔ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ حال ہی میں سیکریٹری/چیئرمین ریلوے کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔گذشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سربراہ اور اراکین کے تقرر کے معاملے پر طویل ترین ڈیڈلاک اور مختلف مشاورتی اجلاسوں کے بعد بالآخر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق کیا۔

پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کمیٹی رکن رانا ثنا اللہ نے کہاکہ نامزد چیف الیکشن کمشنر نے ہمارے ساتھ پنجاب میں کام کیا ہے، نامز چیف الیکشن کمشنر معتدل مزاج کے شخص کے ہیں۔ رانا ثنا اللہ نے کہاکہ دوہزار اٹھارہ کے انتخابات پر سوال اٹھے تھے۔ انہوںنے کہاکہ امید ہے کہ نئے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان اپنی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ایسے اقدامات کریں گے، جس سے آنے والے انتخابات شفاف ہوں۔صدر مملکت عارف علوی پارلیمانی کمیٹی کے فیصلہ کی منظوری دینگے،صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد وزارت پارلیمانی امور نوٹیفکیشن جاری کریگی،وزارت پارلیمانی امور کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر حلف اٹھائیں گے۔