خیبرپخونخوا کے 15اضلاع میں3 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز 27 جنوری سے شروع ہوگا

جمعہ 24 جنوری 2020 15:57

خیبرپخونخوا کے 15اضلاع میں3 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز 27 جنوری سے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) صوبہ خیبر پختونخواکی15اضلاع میںتین روزہ خصوصی انسدادپولیو مہم کا آغاز 27جنوری سے ہوگا، مہم کا فیصلہ پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لئے کیا گیا ہے، مہم کے دوران 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلوائے جائیں گے ، اس اہم انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے سلسلے میں ایمر جنسی آپریشن سنٹر (ای او سی) خیبر پختونخوا میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ای اوسی کو آرڈینیٹر عبدالباسط کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس میںصوبائی محکمہ صحت اور ای پی آئی کے اعلیٰ حکام، عالمی ادارہ اطفال (یونیسیف) ،ڈبلیو ایچ او، بی ایم جی ایف اور دیگر معاون اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اجلاس کے شرکاء نے 27جنوری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور پولیو کے موذی وائرس کے خاتمے کے لیے نتیجہ خیز اقدامات سے متعلق تجاویز اور حکمت عملی پر اتفاق کیا ۔

(جاری ہے)

ای او سی کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی پولیو مہم کو زیادہ سے زیادہ موثرانداز میں چلانے کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں ،خیبر پختونخوا کی15اضلاع پشاور،چارسدہ،خیبر، مالاکنڈ،مردان، نوشہرہ ، صوابی،بونیر، سوات ،مہمند،باجوڑ،بنوں،کوہاٹ ،لکی مروت اور تورغر میں پولیو مہم چلائی جائیں گی۔ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 40 لاکھ 53 ہزار967 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس مقصد کے لئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل 12073ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ان پولیو ٹیموں میں 10ہزار344 موبائل ٹیمیں،993 فکسڈٹیمیں،661ٹرانزٹ ٹیمیںاور75رومنگ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ مہم کی موثر نگرانی کے لئی2ہزار766ایریا انچارجز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے، انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں ،کوآرڈینیٹر ای او سی عبدالباسط نے معاشرے کے تمام طبقات پر زوردیا کہ قوم کے مستقبل کوپولیو کے ہاتھوں معذوری سے بچانے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے اس پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔