معروف قوال امجد صابری قتل کیس کے مجرموں کو مجسٹریٹ کے سامنے انسداد دہشت گردی عدالت میں شناخت کر لیا گیا

جمعہ 31 جنوری 2020 17:31

معروف قوال امجد صابری قتل کیس کے مجرموں کو مجسٹریٹ کے سامنے انسداد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2020ء) معروف قوال امجد صابری قتل کیس کے مجرموں کو مجسٹریٹ کے سامنے انسداد دہشت گردی عدالت میں شناخت کر لیا گیا۔جمعہ کو اے ٹی سی میں امام بارگاہ پر مجلس کے دوران دھماکے کے مقدمے کے کیس کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے بیان دیا کہ مجرموں کی شناخت پریڈ کا عمل میرے سامنے ہوا، دو افراد نے مجرموں کو شناخت کیا۔

مجرموں میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد مجرم عاصم کیپری، مجرم اسحاق بوبی شامل ہیں، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 6 فروری کو مزید گواہوں کو طلب کر لیا۔عدالت میں پیش کردہ کیس کے چالان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مجرموں نے 17 اکتوبر 2016 کو ایف سی ایریا امام بارگاہ پر کریکر پھینکا تھا، دھماکے میں 11 سالہ فراز حسین جاں بحق اور 31 افراد زخمی ہوئے تھے، مجرم پولیس تفتیش کے دوران حملہ کرنے کا اعتراف کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

چالان کے مطابق مدعی مقدمہ مجسٹریٹ کے سامنے مجرموں کو شناخت بھی کر چکا ہے، مجرموں کے خلاف شریف آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملٹری کورٹ سے مجرموں کو امجد صابری قتل کیس میں سزائے موت بھی ہوئی تھی۔یاد رہے کہ معروف قوال امجد صابری کے قتل کو 4 برس ہونے والے ہیں، انھیں 16 رمضان المبارک 23 جون 2016 کو لیاقت آباد نمبر 10 پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حکیم اللہ محسود گروپ کے ترجمان قاری سیف اللہ محسود نے امجد صابری پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعوی کیا تھا۔