تجاوزات کے نام پر کسی غریب کے سر سے چھت ہٹانا سندھ حکومت کا کام نہیں،مراد علی شاہ

بلاول بھٹو جب بھی عوام کی بھلائی کی بات کرتے ہیں تو نیب کا نوٹس آجاتا ہے،وہ نیب میں پیش ہوںگے ،وزیراعلیٰ سندھ ہمیں امید ہے کہ ڈاکٹرکلیم امام کو تبدیل کیا جائے گا اور ہمارے دیئے گئے پانچ ناموں سے اگلاآئی جی سندھ مقرر ہوگا،میڈیا سے گفتگو

بدھ 12 فروری 2020 18:13

تجاوزات کے نام پر کسی غریب کے سر سے چھت ہٹانا سندھ حکومت کا کام نہیں،مراد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سرکلر ریلوے سے متعلق عدالتوں کے حکم پربالکل عمل کرنا چاہیے لیکن تجاوزات کے نام پر کسی غریب کے سر سے چھت ہٹانا سندھ حکومت کا کام نہیں۔ بلاول بھٹو جب بھی عوام کی بھلائی کی بات کرتے ہیں تو نیب کا نوٹس آجاتا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نیب میں پیش ہوں گے۔

آئی جی سندھ کے لیے نام وفاق کے کہنے پر دیے ہیں، امید ہے وزیراعظم جلد ان 5 ناموں میں سے ایک آئی جی سندھ لگا دیں گے۔بدھ کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کے حکم پربالکل عمل کرنا چاہیے لیکن کسی غریب کے سر سے چھت نہ ہٹے اس کا بھی خیال رکھنا چاہئے، حکومت کی جانب سے مہنگائی کم کرنے کے اقدامات کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا مہنگائی پروگرام کیا ہے مجھے اس کا علم نہیں۔

(جاری ہے)

مرادعلی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو مہنگائی کے سونامی سے نجات دلانے کی بات کرتے ہیں تو بلاوے آجاتے ہیں، بلاول بھٹو نیب میں پیش ہوں گے، اس کے علاوہ اپوزیشن کی تمام پارٹیاں اور صدر زرداری کو بغیر الزام جیل میں رکھا گیا، عدالت نے محترمہ فریال تالپور کو میرٹ پر ضمانت دی ہے۔نئے آئی جی سندھ کی تعیناتی سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو ہم نے 5 نام ان کی درخواست پر دیے ہیں ہمیں امید ہے کہ کلیم امام کو تبدیل کیا جائے گا اور ان پانچ ناموں سے اگلاآئی جی سندھ مقرر ہوگا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ8ارب روپے 2016 میں منہا کیے گئے تھے وہ رقم کہاں گئی۔