شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں پودوں سے ادویات کی تیاری کے عنوان پر لیکچرز

جمعہ 14 فروری 2020 14:43

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکیڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز کے زیرِ اہتمام پودوں سے ادویات کی تیاری کے عنوان پر لیکچرز کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے بین الاقوامی ادارہ برائے کیمیائی اور حیاتیاتی سائنسز کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ پودوں سے ادویات کی تیاری وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ادارہ جدید طرز پر عوام کی بھلائی کے لئے پودوں سے ادویات کی تیاری کے لئے کام کررہا ہے۔ ڈاکٹر اقبال چوہدری نے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں بین الاقوامی ادارہ برائے کیمیائی اور حیاتیاتی سائنسزلیبارٹری قائم کرنے، لیب سٹاف کے لئے ورکشاپ منعقد کرنے اور نامور بین الاقوامی و قومی اساتذہ کے درمیان روابط کو مضبوط کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یونیورسٹی میں تحقیقی کلچر کو فروغ دینے پر وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ اور ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر میر منصف علی ٹالپر کو سراہا۔ ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر میر منصف علی ٹالپرنے فیکلٹی آف نیچرل سائنسز کی تدریسی، تحقیقی و ترقیاتی امور پر آگاہی دی۔ پروفیسر ڈاکٹر تجنیس پیرزادہ نے مہمان مقرر اور شرکاء کو خوش آمدید کہا ۔

لیکچرارز میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق مہر، پروفیسر ڈاکٹر شفیق احمد آرائیں، پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس شر، پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد سومرو، پروفیسر ڈاکٹر خالدہ مہر، ڈاکٹر جاوید اجن، ڈاکٹر صفدر اجن، ڈاکٹر خادم میمن، ڈاکٹر زیب النساء میمن ، ڈاکٹر گل افشاں سومرو ، اساتذہ، محققین اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔